مولانا اسرارالحق قاسمی صاحب خطاب کرتے ہوئے |
رپورٹ: یاسین صدیقی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
مئو(آئی این اے نیوز 5/نومبر 2017) آج مسلمانوں میں ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو اسلام کے معاشرتی نظام اور تعلیمات سے ناواقف ہے، اس لیے بہت سے مسلمان دوسروں کے سماجی نظام کو اپنا رہے ہیں، جو لوگ اسلامی تعلیمات سے واقفیت نہیں رکھتے چاہے وہ مسلمان ہوں یا غیر مسلم، وہ عام مسلمانوں کے اعمال اور ان کی زندگیوں کو دیکھ کر یہ رائے قائم کرلیتے ہیں کہ دراصل یہی اسلام کا معاشرتی نظام ہے جب کہ ایسا نہیں ہے، ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین وممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے مشرقی یوپی کے تاریخی ادارہ جامعہ اسلامیہ دارالعلوم مئو میں طلباء، علماء و دانشوران کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں علمائے دین پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، کیونکہ ان کے پاس اسلامی تعلیمات کا ذخیرہ ہے، وہ قرآن وحدیث کو سمجھتے ہیں اور اسلامی تعلیمات ونظام کے تعلق سے اکابر علماء و مفکرین کی کتابیں انہوں نے پڑھی ہیں، چنانچہ اس سلسلے میں علمائے دین ہی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ وقت میں علماء کی ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلی فرصت میں مسلمانوں کے درمیان معاشرتی بیداری کا ماحول پیدا کر کے انہیں معاشرتی زندگی کے بارے میں اسلامی اصول سے آگاہ کرنا چاہیئے، علماء کو اس لائق بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے مدارس میں مضبوط تعلیم کے ساتھ تربیتی نظام نہایت ٹھوس اور سننِ نبویﷺ و اکابر امت کی زندگیوں کی روشنی میں مرتب کیا جائے، طلباء و فضلاء کی ایسی تربیت کی جائے کہ ان کے اندر اعلیٰ اخلاق ،عاجزی و انکساری، قربانی دینے کا جذبہ اور سخت حالات میں کام کرنے کے اوصاف پیدا ہوں اور وہ عملی میدان میں آنے کے بعد کسی قسم کے احساس کمتری کاشکار ہونے کے بجائے اپنی اہمیت و ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے امت کی درست علمی و عملی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں۔
اس موقع پردارالعلوم مئو کے مہتمم مفتی انور علی قاسمی نے مولانا اسرار الحق قاسمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی مختلف تعلیمی و رفاہی خدمات خاص طورسے کشن گنج میں اے ایم یو سینٹر کے قیام میں اجتماعیت کے ساتھ ان کی محنتوں اور بہار کے حالیہ قیامت خیز سیلاب کے دوران ان کے ذریعہ سیلاب متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے کی گئی کوششوں کو سراہا اور ہندوستانی مسلمانوں کے لئے ان کی شخصیت کو قیمتی قرار دیا۔
واضح رہے کہ مولانا قاسمی نے علاقے کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران امام گنج مئو میں مولانا ارشاد الحق مدنی کے زیر نگرانی چلنے والے ادارہ جامعہ زینب للبنات اور ایک اسکول کاسنگ بنیاد رکھا، جبکہ مئو کے ایک دوسرے مشہور تعلیمی ادارہ مفتاح العلوم میں بھی طلباء، علماء و دانشوران کی مجلس سے خطاب کے علاوہ اعظم گڑھ کے جموڑی گاؤں میں واقع مدرسہ سراج العلوم کے دستار بندی اجلاس میں بھی شرکت و خطاب کیا۔