اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: جمعیۃ کی لکھنؤ کانفرنس ملک و ملت کے مسائل حل کرانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی: مولانا اسامہ قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 5 March 2018

جمعیۃ کی لکھنؤ کانفرنس ملک و ملت کے مسائل حل کرانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی: مولانا اسامہ قاسمی

صوبائی صدر نے لکھنؤ پہنچ کر اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کی.

رپورٹ: سیف الاسلام مدنی کانپوری
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
لکھنؤ(آئی این اے نیوز 5/مارچ 2018) صوبہ و ملک کے موجودہ حالات کسی سے مخفی نہیں ہیں، ایک طرف جہاں قومی و ملی مسائل درپیش ہیں، وہیں ایک خاص طبقے کی ذہنیت و کلچر کو پورے ملک میں تھوپنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں، جن سے ملک کا آئین خطرے کی زد پر ہے۔ ایسے پر آشوب حالات میں ،ہند میں سرمایۂ ملت کی نگہبان اور ملت اسلامیہ ہند کی پاسبان جمعیۃ علماء ہند، ملک و ملت کی خدمات کے حوالے سے اپنی سابقہ روایات و کردار کو تسلسل بخشتے ہوئے مورخہ ۱۰؍ مارچ ۲۰۱۸ء بروز سنیچر صبح ۹؍ بجے جھولے لال پارک(ندوۃ العلماء و لکھنؤ یونیورسٹی کے سامنے) لکھنؤ میں عظیم الشان ’’تحفظ ملک و ملت کانفرنس‘‘ منعقد کر رہی ہے، جس کی تیاریاں جنگی پیمانے پر جاری ہے اور لکھنو و اطراف کے اضلاع میں دورے کیے جارہے ہیں۔مساجد، مدارس اور تعلیمی اداروں میں جلسوں اور میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جمعیۃ علماء اترپردیش کے صوبائی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے آج راجدھانی لکھنؤ کا دورہ کیااور کیمپ آفس واقع مدرسہ تعلیم القرآن نزد عیش باغ نزد پولیس اسٹیشن لکھنو میں کارکنان و ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرکے اہم ہدایات جاری کیں۔
مولانا اسامہ نے اجلاس کے ایجنڈوں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس میں ، قومی ایکتا اور مختلف مذاہب و مسالک کو مشترک سماجی و سیاسی مسائل میں متحد کرنے،مسلمانوں کو اقتصادی، سماجی اور سیاسی سطح پر مضبوط بنانے، عصری تعلیم گاہوں کے قیام پر توجہ دلانے، مدارس کے نظام کو مضبوط و فعال کرنے، معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے لیے زمینی سطح پر تحریک چلانے، دینی تعلیمی بیداری پیدا کرنے کے لیے محلہ محلہ مکاتب دینیہ کا جال پھیلانے ، قبلہ اول، مسجد اقصیٰ، شہر القدس، فلسطینی و شامی مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے ، امت مسلمہ کو عزم و حوصلہ دینے اور خدمت خلق کو مشن بنانے جیسے مسائل زیر بحث آئیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ کانفرنس ان مسائل کا تلاش کرنے میں کامیاب ہوگی اور ملک و ملت کے حق میں بہت کارگر ثابت ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا اسامہ نے کہا کہ اس کانفرنس میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر اور دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث امیر الہند حضرت الحاج مولانا قاری سید محمد عثمان صاحب منصور پوری مد ظلہ العالی اور قومی جنرل سکریٹری قائد جمعیۃ حضرت الحاج مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب مد ظلہ بطور مہمانان خصوصی شرکت گے۔ ان حضرات کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی و صوبائی قائدین ، مشہور و معروف علمائے کرام اور مختلف مذاہب و مسالک اور ملی و سماجی تنظیموں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔مولانا قاسمی نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہ ملی مسائل کے حل کے لیے آپ حضرات بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ خود بھی آئیں اور اپنے ساتھ اپنے احباب و متعلقین کو بھی لانے کی کوشش کریں۔
میٹنگ میں مولانا متین الحق اسامہ صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کے علاوہ مولانا عبدالمعیدقاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء ہند، مولانا حاطب رکن منتظمہ جمعیۃ علماء اترپردیش ،سید حسین احمدہاشمی خازن جمعیۃ علماء اترپردیش، مولانا احمد عبداللہ آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند، مولانا محمد یاسین قاسمی جہازی جمعیۃ علماء ہند،قاری عبدالمعید چودھری سکریٹری جمعیۃ علماء یوپی، مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی ، مولانا مناظر الاسلام مظاہری،حافظ محمد اکبرحافظ امین الحق عبد اللہ ، حافظ منہاج، قاری بدر الزماں، مولانا مدثر چودھری، مولانا غفران، مولانا تنویر احمد ندوی اور آفس سکریٹری مولانا محمد سفیان قاسمی شامل رہے۔