اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: عبادات کی قبولیت کی نشانی...

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 13 June 2018

عبادات کی قبولیت کی نشانی...

از: مولانا طاھر مدنی
ــــــــــــــــــــــ
رمضان کی 27 تاریخ گزر گئی، اب چند ہی روز میں یہ مبارک مہینہ رخصت ہونے والا ہے، ماشاء اللہ رمضان آتا ہے تو سبھی لوگ عبادات کا خوب اہتمام کرتے ہیں، فرائض کے علاوہ سنن و نوافل بھی ادا کرتے ہیں، مساجد آباد ہوجاتی ہیں، قرآن حکیم سے تعلق بڑھ جاتا ہے، صدقہ خیرات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے،
غرض یہ کہ مختلف النوع عبادتوں کو انجام دیا جاتا ہے. اب جب کی یہ مبارک مہینہ ہم سے رخصت ہونے والا ہے، ذہنوں میں اس سوال کا پیدا ہونا فطری ہے کہ ہماری عبادات قبول ہوئیں یا نہیں؟
اس کی ایک بڑی واضح علامت اور نشانی ہے؛ اگر رمضان کے بعد بھی عبادات سے شغف اور دلچسپی قائم ہے، نمازوں کی پابندی ہورہی ہے، قرآن حکیم سے تعلق قائم ہے، انفاق کا سلسلہ جاری ہے، حقوق العباد کی ادائیگی ہورہی ہے اور دعوت قرآنی کو پھیلانے کی دھن ہے اور اللہ کے کلمہ کی سربلندی ترجیح اول ہے، زندگی کی گاڑی کا رخ آخرت کی جانب ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری عبادتیں مقبول ہوگئیں اور رمضان کی ہماری محنت ٹھکانے لگ گئی.... لیکن اگر رمضان کے جاتے ہی ہم ڈھیلے پڑ گئے، مسجدیں ویران ہوگئیں، قرآن حکیم کو طاق نسیاں پر رکھدیا گیا، دعوت دین کے لیے ہمارے پروگرام میں کوئی جگہ نہیں، فکر آخرت سے دل خالی ہیں اور غم حیات کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں تو سمجھ لیجیے کہ رمضان آیا اور چلا گیا، ہمارا دامن خالی ہی رہ گیا اور ہم ان بدنصیب لوگوں میں ہیں جو رمضان کی برکتوں سے محروم رہ گئے.
آئیے دعا کیلئے ہاتھ اٹھائیے...
اے اللہ! ہمیں رمضان کی برکتوں سے ہمکنار کر، ہماری عبادتوں کو قبول فرما اور رمضان بعد بھی اعمال صالحہ پر استقامت عطا کر. آمین