اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: عید اس کیلئے جس نے رمضان المبارک کی قدر کرتے ہوئے اللہ کو راضی کیا، عید الفطر کے موقع پر شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ کا ولولہ انگیز خطاب.

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 18 June 2018

عید اس کیلئے جس نے رمضان المبارک کی قدر کرتے ہوئے اللہ کو راضی کیا، عید الفطر کے موقع پر شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ کا ولولہ انگیز خطاب.

محمد فرقان
ــــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 18/جون 2018) خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کو رمضان المبارک جیسا مقدس مہینہ ملا اور اس کی قدر کی۔ دنیا داری کو چھوڑ کر، اپنے کاروبار کو چھوڑ کر، گناہوں کو چھوڑ کر پورا وقت اللہ کی عبادت میں روزہ، نماز، تراویح، تلاوت و ذکر اور اعتکاف میں بیٹھ کر اللہ کو راضی کرنے میں گزارا اور بد نصیب ہیں وہ لوگ جن کو رمضان المبارک جیسا مقدس مہینہ ملا لیکن اپنے آپ کو گناہوں سے دور نہیں کرپائے اور دنیاداری چھوڑ نہیں پائے. عید تو اس کیلئے ہے
جس نے اللہ کو راضی کرلیا، عید اس کیلئے نہیں جس نے رمضان کی ناقدری کی اور اللہ کو ناراض کیا۔ یہ دنیا ہے! اسلئے آج سب نیک اور گناہگار لوگ بھی عید منا رہے ہیں کل میدان محشر ہوگا تو نیک لوگوں کو الگ کردیا جائے گا اور گناہگار لوگوں کو الگ۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ اردو اسکول گراونڈ، ڈی جے ہلی ،بنگلور میں عید الفطر کے موقع پر سینکڑوں مسلمانوں کو خطاب کرتے ہوئے شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایا کہ آج سب لوگ عید کی نماز ادا کررہے ہیں، عید کی خوشیاں منارہے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ صحابہ کرامؓ جو بخشے بخشائے تھے عید کے دن رویا کرتے تھے کہ ہماری نمازیں، روزے تراویح وغیرہ قبول ہوئی بھی یا نہیں اور اللہ ہم سے راضی ہوا بھی یا نہیں کیونکہ عید ان کیلئے ہوتی ہے جن کی عبادتیں قبول کرتے ہوئے اللہ ان سے راضی ہوجائے۔ لیکن آج کسی کو اس کی فکر نہیں ہے، سب عید کی خوشیاں منارہے ہیں۔ مولانا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ مقدس مہمان رمضان المبارک اللہ کے دربار سے ہمارے دیار میں آیا تھا لیکن ہم نے اسکی قدر نہ کی، اسکا احترام نہیں کیا، اور اسکو ناراض کیا: نمازوں کو چھوڑ، روزوں کو چھوڑ کر، تراویح کو چھوڑ، گناہ کرکے، عبادتوں کو چھوڑ کر دنیاداری میں مصروف ہوکر۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک تو چلا گیا لیکن اپنے ساتھ ہماری شکایت لیکر گیا ہے۔ مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ آج ضرورت ہے کہ ہم اللہ سے معافی مانگیں اور توبہ کریں۔ نیز فرمایا کہ جن لوگوں نے پورا وقت عبادتوں میں گزار انکو بھی توبہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کسے پتہ کہ وہ عبادتیں اس لائق ہیں بھی یہ نہیں کہ وہ قبول ہوں۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ بڑا بے نیاز ہے وہ چاہے تو ایک جانور کو پانی پلانے پر جنت دے دے اور اگر وہ چاہے تو ہزاروں سالوں کی عبادت کو قبول نہ کرے۔ مولانا نے فرمایا کہ ہم کو چاہے کہ اللہ کے سامنے عاجزی سے اپنے گناہوں سے توبہ کرتے ہوئے دعا مانگے۔ اللہ ضرور ہماری دعا قبول کرے گا۔ قابل ذکر ہیکہ سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے خطبہ عید الفطر سے استفادہ کیا اور شاہ ملت مولانا سید انظر شاہ قاسمی کی ہی اقتداء میں نماز عید الفطر ادا کی جس کے بعد شاہ ملت کی رقت آمیز دعا بھی ہوئی۔