اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: عاشق رسول وہ ہیں جو آقا کی سنتوں کو زندہ کرتے ہیں: عبیدالرحمن الحسینی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 17 November 2018

عاشق رسول وہ ہیں جو آقا کی سنتوں کو زندہ کرتے ہیں: عبیدالرحمن الحسینی

آنند نگر/مہراج گنج(آئی این اے نیوز 17/نومبر 2018) آنے والے ہفتہ میں ہمارے سامنے دو اہم حادثات انتہائی عبرت ناک اور تشویشناک ہیں۔۱۲ ربیع الاول کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کا حادثہ عالم اسلام کا سب سے بڑا حادثہ تھا، صحابۂ کرام حواس باختہ تھے، اللہ کے رسول کی وفات سے پہلے ایسی کیفیت تھی کہ نہ اٹھ بیٹھ سکتے تھے اور نہ چل سکتے تھے، آپ کو مسجد تک بھی کندھوں کا سہارا دے کر لایا جاتا تھا، بیماری میں کمزوری کا یہ عالم تھا کہ گفتگو کرنا بھی مشکل ہوگیا تھا، مسواک بھی چبا کر دیا جاتا تھا، بخار کی ایسی شدت تھی کہ بیٹھتے تو عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی پیٹھ پر سہارا لے کر بیٹھتے، ایسی کیفیت میں بھی آپ نے امت اسلامیہ کو عورتوں اور غلاموں کے ساتھ بہتر سلوک کی وصیت فرمائی، نماز کی پابندی پر ابھاتے رہے، اور قبر پرستی نیز قبروں پر سجدہ کرنے والے یہود ونصاری پر لعنت بھیجتے رہے۔
ان خیالات کا اظہار حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے جنرل سپروائز حافظ عبیدالرحمن الحسینی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام نے وصیت فرمائی کہ میری قبر پر بھیڑ مت لگانا اور نہ عید بنانا،  لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ آج بعض مسلمان ۱۲؍ربیع الاول کو عیدملادالنبی کے نام پر جشن مناتے ہیں، اور بہت سی غیر اسلامی چیزوں کو انجام دیتے ہیں جب کہ نہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی نبی کی پیدائش کا دن منایا اور نہ صحابۂ کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش کا دن منایا اور نہ ہی علماء وفقہاء عظام نے ایسا کچھ کیا، انھوں مزید کہا کہ آج عید میلادالنبی کے موقع پر "ڈی جے"  نکلتے ہیں شور و غل ہوتا ہے یہاں تک کے نماز ترک ہوجاتی ہے۔ آخری وقت میں اللہ کے پیارے حبیب جناب محمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کی تاکید فرمائی اور ہم نماز کو ترک کرکے "ڈی جے" کے ساتھ ناچتے تھرکتے ہیں، لوگوں کو تکلیف اور بہت کچھ کرتے کیا یہی عاشق رسول کی پہچان ہے؟ بہت ایسے اعمال ہم سے سرزد ہوتے ہیں جو غیروں کا طریقہ ہے، اور ہم اپنے آپ کو عاشق رسول کہتے ہیں۔ ہمارے اس عمل سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی روح کو خوشی نہیں  بلکہ تکلیف پہونچتی ہوگی، عیدملادالنبی منا کر ہم اپنے آپ کو عاشق رسول ثابت کرتے ہیں لیکن عاشق رسول وہ لوگ ہیں جو آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو زندہ کرتے ہیں، ان کی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچاتے ہیں اصل عاشق رسول وہی لوگ ہیں۔