جامعہ اسلامیہ ریاض العلوم شنکر پور کی جامع مسجد میں علماء و فضلائے اسلام کا پر مغز خطاب.
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا اور بارگاہِ رسالت میں نذرانہِ محبت محمد ابراہیم سجاد تیمی نے پیش کیا ۔مدیرِ جامعہ کی طرف سے شال اور سرٹیفکیٹ سے تمام مہمان علما کو نوازے جانے کے بعد تاثراتی خطاب کا سلسلہ شروع ہوا ۔
صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار کے ناظمِ اعلیٰ اور ضلعی جمعیت اہل حدیث کٹیہار کے امیر جناب مولانا انعام الحق مدنی نے اپنے پرمغز خطاب میں کہا کہ حفظِ متون کے سلسلے میں جامعہ اسلامیہ ریاض العلوم کی اس پہل سے دیگر مدارس میں بھی اس طرح کے بامقصد انعامی مسابقات کے انعقاد کے جذبات بیدار ہوں گے اور ہمارے طلبہ کے اندر حفظ متون سے دلچسپی پیدا ہوگی ۔ الحفظ فی الصِغر کالنقش فی الحجر کی خوبصورت تشریح و توضیح کرتے ہوئے انہوں نے اپنے خاص دلچسپ اسلوب میں کہا کہ آپ طلبہ اپنی عمر کے اس پڑاو میں جو کچھ بھی یاد کر لیں گے وہ آپ کے لوحِ دل میں محفوظ ہو جائے گا اور زندگی بھر اس کے حسن اثرات کا لامتناہی سلسلہ جاری رہے گا ۔
مدرس مسجد نبوی، مدینہ منورہ جناب مولانا ڈاکٹر امان الله اسماعیل مدنی نے اپنے خوب صورت خطاب میں طلبہ کو مختلف مثالوں سے محظوظ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حسین مواقع ہمیں اپنے طالب علمی کے زمانے میں نصیب نہ ہو سکے لیکن آپ حضرات بڑے خوش قسمت ہیں کہ اس طرح کے مواقع آپ کو مل رہے ہیں اور آپ حفظِ متون کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کر رہے ہیں ۔آپ سے ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو جلا بخشتے رہیں گے ۔ انہوں نے ذہانت اور محنت کے مابین موجود فرق وامتیاز کو بے حد حسین انداز میں پیش کرکے حاضرین کی تحسین بٹوری ۔
انہوں نے مدیرِ جامعہ جناب مولانا محمد فیروز عالم ندوی کا اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ بے شمار مبارکباد کے حقدار ہیں ۔صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار کے نائب امیر اور ضلعی جمعیت اہل حدیث پورنیہ کے امیر جناب مولانا محمد رضوان السلفی نے اپنے بے بہا خطاب میں تمام مشارکینِ مسابقہ حفظِ متون کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کئی اہم ترین کتابوں کے متون یاد کر لیے ہیں، یہ آپ نے بہت عظیم کارنامہ انجام دیا ہے لیکن انہیں ہمیشہ یاد رکھنے کے لیے ان کی سورہ الفاتحہ جیسی مزاولت و ممارست انجام دینا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ ریاض العلوم جس طرح تعلیم و تربیت کا سیمانچل کا بہترین گہوارہ بن گئی ہے، اسی طرح اسے جمعیت اہل حدیث کا بھی ایک بڑا مرکز ہونا چاہیے ۔
پورنیہ ضلعی جمعیت اہل حدیث کے ناظمِ اعلیٰ جناب مولانا ابراہیم عبد الغفور مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جن مشارکین کی پوزیشن نہیں آئی ہے، انہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہیں چاہیے کہ وہ اپنی محنت و مشقت میں اضافہ کریں ۔وہ اگر حفظِ متون کو اپنی تعلیمی زندگی کا لازمہ بنا لیں تو انہیں کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
ان کے علاوہ، جناب مولانا مطیع الرحمٰن شیث مدنی، محمد ابراہیم سجاد تیمی، جناب مولانا نظام الدین مدنی وغیرہ نے بھی خطاب کیا ۔نظامت کے فرائض مفتی و استادِ حدیث و فقہ جامعہ اسلامیہ ریاض العلوم شنکر پور جناب مولانا منصور عالم السلفی نے بحسن و خوبی انجام دیے ۔پروگرام کے کنوینر جناب مولانا محمد طارق بخاری مدنی نے اپنی مستعدی اور جذباتِ پُر خلوص سے تمام حاضرین کے دل پر انمٹ نقوش ثبت کیے ۔ان کے معاونین جناب مولانا محمد طارق مدنی اور جناب مولانا عبد الرزاق سنابلی نے بھی سب کی نیک دعائیں سمیٹیں ۔تمام اساتذہِ جامعہ کی حاضر باشی نے پروگرام کی زینت کو دوبالا کیا ۔ مدیرِ جامعہ کے کلماتِ تشکر کے ساتھ یہ بزمِ ارجمنداں اختتام کو پہنچی ۔