اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: فارغین مدارس امت کی قیادت کے لئے میدان عمل میں آئیں، ہندوستان میں اسلامی روایات کی بقاء و تحفظ مدارس کی دین ہے، دارالعلوم وقف دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پر مولانا سفیان قاسمی اور مولانا احمد خضر شاہ مسعود کاخطاب!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 29 March 2019

فارغین مدارس امت کی قیادت کے لئے میدان عمل میں آئیں، ہندوستان میں اسلامی روایات کی بقاء و تحفظ مدارس کی دین ہے، دارالعلوم وقف دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پر مولانا سفیان قاسمی اور مولانا احمد خضر شاہ مسعود کاخطاب!

دارالعلوم دیوبند میں ختم بخاری شریف کے موقع پر مفتی سعید پالنپوری نے طلباء کو کی قیمتی نصیحتیں.
سمیر چودھری
ـــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 29/مارچ 2019) ممتاز علمی دانش گاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں تکمیل بخاری شریف شیخ الحدیث مولانا احمد خضرشاہ مسعودی نے کرائی جبکہ مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے طلبہ کو درس مسلسلات اور سند حدیث سے نوا ز ا۔اس مناسبت سے دارالحدیث میں منعقد تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہاکہ اب آپ روایتی طالب علم کی زندگی سے نکل کر عوام میں دین کی خدمت کے لیے جا رہے ہیں، اپنے علم کو عمل کے سانچے میں ڈھال کر اخلاص و تقویٰ کے ساتھ حفاظت دین اور خدمت اسلام کے فرائض انجام دیںاور بے لوث طریقے پر امت کی قیادت کے لئے میدان عمل میں آئیں،انھوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں اسلامی روایات کی بقاء و تحفظ ان ہی مدارس کے طفیل ہے، اکابر کی خدمات اور ان کی روایات کا تسلسل بدستور جاری ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوکر آپ تک پہنچ رہی ہے،
جس دیانت و امانت کے ساتھ اکابر نے ان روایات کا تحفظ کیا آپ کو بھی اسی دیانت و صداقت اور امانت کے ساتھ اس روایت کو آگے پہونچانا ہے، جس انداز میں بزرگان دین نے اسلام کی خدمات انجام دیں آپ کو بھی اسی انداز پر دین کی خدمات انجام دینی ہے اور امت کی ہر محاذ پر اور ہر میدان میں درست اور صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دینا ہے، موجودہ وقت کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے حفاظت دین اور خدمت اسلام کے لئے جدید وسائل کو استعمال میں لاکر امت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں، آج باطل طاقتیں ملک اور بیرون ملک مسلمانوں کو توڑ دینا چاہتی ہے، آپ کی ہوش مند قیادت ہی مسلمانوں کو اس بدترین صورت حال سے نجات دلاسکتی ہے۔آپ کے لئے لازمی ہے کہ جو کچھ آپ نے یہاں اپنے اساتذہ سے حاصل کیا ہے انہیں عملی زندگی میں لائیں، اپنی زندگی سنت نبویؐ کے مطابق ڈھالیں، نیز تزکیہ نفس کی جانب توجہ کریں، اصلاح نفس کے لئے کوشاں رہیں اور اللہ کی جانب متوجہ ہوجائیں۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث مو لانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے طلبہ کے سامنے بخاری شریف کی آخری حدیث کی توضیح کرتے ہوئے کہا کہ اعمال میں نیت اور اخلاص اور سنت نبویؐ پر عمل پیرا ہونے سے اعمال میں وزن پیدا ہوتا ہے نیز انہوں نے اسکی عظمت ومقام پر تفصیلی گفتگو کی ،انہوں نے امام بخاری کا مقام و مرتبہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ امام بخاری کا اخلاص، تقویٰ اور للہیت ہی ہے کہ جس عظیم الشان پیمانے پربخاری شریف پر کام ہوئے ہیں ان کا احاطہ کرنا ناممکن ہے اورتاہنوز اس پر مختلف زایوں سے کام جاری ہے۔اس دوران انہوں نے عالمی احوال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج عالمی حالات نہایت ناگفتہ بہ ہوچکے ہیں، پوری دنیا خلفشار کا شکار ہے خاص طور سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلائی جارہی ہے، مسلمان اغیار کے نشانے پر ہے ، عالم عرب مسلسل ریشہ دوانیوں کا شکار ہے،خاص طور پر یورپ اسلاموفوبیا کے زدمیں ہے ، خود ہمارا ملک تنگ نظری، شدت پسندی اور فرقہ پرستی کی آگ میں جھلس رہا ہے، ایسے حالات میں ہمیں گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے یوم اول سے ہی اسلام اور اس کی تعلیمات نشانہ بنی ہوئی ہے، آپ صبر اور استقامت کے دامن کو مضبوطی سے تھام لیں، احوال آتے رہیں گے لیکن باقی رہنے والا اور عند اللہ مقبول اگر کوئی مذہب ہے تو وہ مذہب اسلام ہے، اسلام سے اپنا رشتہ مضبوط کریں، اسکی مکمل تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں، نیز قرآن و سنت اور حیات اکابر سے اپنا رشتہ مضبوطی کے ساتھ قائم کریں۔ اس موقع پردارالعلوم وقف دیوبند کے اساتذہ مولانا فریدالدین قاسمی ، مولانا مفتی محمد عارف قاسمی اور مولانا نسیم اخترشاہ قیصرنے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم کی تاریخ اور اس کی روایات پر بیان کرتے ہوئے فکر قاسمی کی اساس اور اس کی معنویت پربھی تفصیلاً روشنی ڈالی۔اجلاس کا آغاز قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دیئے۔ مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی کی پرسوز دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر جملہ اساتذۂ جامعہ کے علاوہ کثیر تعداد میں علاقہ و اطراف کے لوگوںنے شرکت کی۔ ادھر دارالعلوم دیوبند میں بھی آج شیخ الحدیث مفتی محمد سعید پالنپوری نے بخاری شریف کاآخری درس دیتے ہوئے طلباء کو اپنے قیمتی پندونصائح سے نوازا اور حضرت امام بخار یؒ کی احوال زندگی اور بخاری شریف کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء کو عملی زندگی میں حکمت اور تدبیر کے ساتھ خدمت دین کرنے کی نصیحتیں فرمائیں۔ اس دوران اساتذہ کے علاوہ جملہ طلباء شریک رہے۔