مسلمانوں کو لالی پاپ نہیں بلکہ حصے داری چاہیے: محمد آصف انصاری
شیخ فیصل حسنــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 26/مئی 2019) انڈین یونین مسلم لیگ کی یوتھ ونگ مسلم یوتھ لیگ کی جانب سے آج اوکھلا کےجامعہ نگر میں غرباء میں رمضان اور عید کٹ تقسیم کی گئی۔اس موقع پر مسلم یوتھ لیگ کے قومی نائب صدر آصف انصاری نے کہا کہ مسلم لیگ کے قیام کا مقصد ہی غرباء اور مظلوموں کا خیال رکھنا تھا۔پارٹی آج بھی اپنے انہیں اصولوں پر عمل پیرا ہے،
آصف انصاری نے ملک کی موجودہ سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہیکہ مسلمان اپنی قیادت کو مضبوط کریں، انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں مسلمانوں نے سیاسی بصیرت کا ثبوت پیش کیا ہے،جس کے نتیجے میں مسلم لیگ کو تین سیٹیں اور ایم آئ ایم کو دو سیٹیں حاصل ہوئیں۔محمد آصف انصاری نے ملک کی سیاست میں مسلمانوں کی آبادی کے حساب سے حصے داری پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مسلمانوں کو اب لالی پاپ نہیں بلکہ حصے داری چاہیے.
آصف انصاری نے بی جے پی کی جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت سب کو ساتھ لیکر چلے گی۔اس موقع پر مسلم لیگ کی طلباء ونگ ایم ایس ایف کے قومی سیکریٹری اتیب خان نے مسلم لیگ کے تینوں نو منتخب ایم پی کو مبارکباد پیش کی، اتیب خان نے ملک کے مسلمانوں سے اپنی قیادت کو مضبوط کرنے کی اپیل دہرائی۔
اس موقع پر مسلم یوتھ لیگ دہلی صوبائ صدرمدثراحمد،مسلم لیگ کی خاتون لیڈر شمع خان کے علاوہ دیگر پارٹی عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔