اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ریاست بہار کے "گیا" شہر میں گرمی کی شدت کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Tuesday, 18 June 2019

ریاست بہار کے "گیا" شہر میں گرمی کی شدت کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ!

نئی دہلی(آئی این اے نیوز 18/جون 2019) بہار میں گرمی کے اس موسم میں لو لگنے سے مرنےوالوں کی تعداد بڑھ کر سوموار کو 78 ہوگئی ہے ۔جبکہ نیوز 18 کی ایک خبر کے مطابق، بہا رمیں لو لگنے سے 100 سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ محکمہ قدرتی آفات کے کنٹرول روم سے ملی جانکاری کے مطابق ، ریاست میں لوک لگنے سے اب تک 78 لوگوں کی جان جاچکی ہے۔ان میں سے اورنگ آباد میں 33، گیا میں 31 اور نوادہ میں 12 اور جموئی ضلع میں 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
محکمہ قدرتی آفات کی جانب سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ کی رقم فراہم کرنے کی کارروائی شروع ہوچکی ہے۔دریں اثنا بہار کے گیا ضلع میں ضلع مجسٹریٹ نے لو کی وجہ سے ہورہی اموات کے مدنظر دفعہ 144 لگادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اچانک لو کی وجہ سے لوگوں کے بیمار ہونے اور علاج کے دوران موت ہونے پر اہل خانہ یا غیر سماجی عناصر کے ذریعے لاء اینڈ آرڈر کے لیے مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے اور امن و امان میں خلل پڑ سکتا ہے۔
اس کی وجہ سے ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک سنگھ نے ضلع میں دفعہ 144 لگاد یا ہے ۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ گرمی اور لو کا اثر دن میں صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک رہتا ہے ، اس لیے ا س دوران منریگا، سرکاری /غیر سرکاری مزدوری کے کام نہیں ہوں گے ۔
حکم کے مطابق پورے گیا ضلع میں کوئی بھی  تعمیری کام سرکاری/ غیر سرکاری، جس میں مزدور کام کرتے ہیں صبح  11 بجے سے شام  4 بجے تک نہیں ہوگا۔ منریگا اسکیم کے تحت کوئی بھی کام صبح ساڑھے 10 بجے کے بعد نہیں ہوگا۔’اس کے علاوہ کسی بھی  ثقافتی یا عوامی تقریب پر صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک کے لیے روک لگا دی گئی ہے۔ یہ پروگرام کھلی جگہ پر منعقد نہیں کیے جا سکیں  گے۔
اس کے علاوہ لو کی وجہ سے بہار میں 22 جون تک سبھی سرکاری اور گورمنٹ ایڈیڈ   اسکول بند رہیں گے۔ بہار ایجوکیشن پروجیکٹ کاؤنسل کی طرف سے سبھی ضلع افسروں کو جاری خط میں ریاست میں بڑھتی گرمی/ لو کو دھیان میں رکھتے ہوئے 22 جون تک اسکول بند رکھے جائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے پٹنہ دفتر سے حاصل جانکاری کے مطابق، ریاست کی راجدھانی میں سنیچر کو زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ عام طور سے 9.2 ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔
پٹنہ شہر میں اتوار کو کم از کم درجہ حرارت 30.6ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ بہار ایجوکیشن پروجیکٹ کاؤنسل کے ڈائریکٹر سنجے سنگھ نے بتایا کہ اس بارے میں سبھی ڈی ایم اور ضلع ایجوکیشن افسر کو ہدایت دی جا چکی ہے۔ ریاست کے دوسرے ضلعوں گیا،بھاگلپور اور پورنیا میں اتوار کو  زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت بالترتیب: 44.0ڈگری سیلسیس، 41.0ڈگری سیلسیس اور 36.2 ڈگری سیلسیس رہا۔
گیا، بھاگلپوراور پورنیا میں اتوار کو کم از کم درجہ حرارت بالترتیب: 30.6ڈگری سیلسیس،28.6ڈگری سیلسیس اور 28.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے چیمبر آف کامرس گیا سے اپیل کی ہے کہ گیا شہری حلقے کی دکانوں کو دن میں صرف 11 بجے تک کھولا جائے اور شام میں 4 بجے کے بعد ۔ اس کی اطلاع گراہکوں کو بھی دی جائے تاکہ شدید گرمی میں وہ لو کا شکا رنہ ہوں ۔