اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مسلمانوں سے ایک دردمندانہ اپیل!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 22 June 2019

مسلمانوں سے ایک دردمندانہ اپیل!

محمد اسعد ندوی بارہ بنکوی
ـــــــــــــــــــــ
اسکول کے نئے سال کا آغاز ہو گیا ہے، ہمارے معاشرے میں ایسے ہزاروں بچے ہیں جو اسکولوں کی فیس ادا نہیں کر سکتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اسکول جانے سے محروم رہتے ہیں، ان اسکولوں کی فیس بہت زیادہ نہیں ہوتی ہے بلکہ کہیں ٢٠٠ تو کہیں ٣٠٠ روپیہ ماہانہ ہوتی ہے لیکن والدین اتنے غریب ہوتے ہیں کہ وہ یہ بھی ادا نہیں کر پاتے ہیں.
 کچھ بچے ایسے ہیں جو اسکول کی فیس تو جیسے تیسے ادا کر دیتے ہیں لیکن سرکاری یا سستے اسکولوں میں غیر معیاری تعلیم کی وجہ سے ان کو الگ سے ٹیوشن کی ضرورت پڑتی ہے اور ٹیوشن نہ ملنے کی وجہ ان کی بنیادی تعلیم بہت کمزور رہ جاتی ہے. یہ ٹیوشن فیس بھی بہت معمولی ہوتی ہے یعنی ٢٠٠ سے ٣٠٠٠ روپیہ ماہانہ.
اب اگر اتنے تھوڑے پیسے کی وجہ سے ہمارے معاشرے کا ایک بڑا طبقہ تعلیم سے محروم رہ جائے یا معیاری تعلیم سے محروم رہ جائے بلکہ سچ کہا جایے تو ہمارے معاشرے کا مستقبل خطرے میں ہو تو اس سے بڑے افسوس کی اور کیا بات ہو سکتی ہے.
بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے شہروں تک ایسے ہزاروں بچے ہیں جو چند روپیوں کی وجہ سے بنیادی تعلیم سے محروم رہتے ہیں اور ان کا مستقبل برباد ہو جاتا ہے. مسلمانوں کے ہزاروں مسائل میں سے یہ ایک بنیادی مسئلہ ہے بلکہ سچ کہا جایے تو یہ ام المسائل ہے. اگر اس ایک مسئلہ کو حل کر دیا جائے تو ہمارے معاشرے کے ہزاروں مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے.
اگر ہم میں سے ہر ایک ہمت کر کے کسی ایک بچے کی تعلیمی فیس یا ٹیوشن فیس کی ذمہ داری لے لے جو ماہانہ اتنی ہے جتنے میں ہم روزانہ چائے پیتے ہیں، تو بہت آسانی سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے. بس دل پر لینے کی ضرورت ہے اور ہمت کر کے آگے آنے کی ضرورت ہے.
اللہ ہم سب کو اپنی مخلوق کی خدمت کے لیے قبول فرمائے آمین ثم آمین.