پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر طلاق بل پیش کرنے پر شاہ ملت کا شدید رد عمل!
محمد فرقان
ــــــــــــــــــ
بنگلور(آئی این اے نیوز 22/جون 2019) مذہب اسلام ایک واحد مذہب ہے جس میں عورتوں کو بلند مقام عطا کیا گیاہے۔ تاریخ شاہد ہیکہ اسلام آنے سے پہلے عورتوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے جاتے تھے، انکو زندہ دفن کردیا جاتا تھا، انکے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک کیا جاتا تھا۔ لیکن اسلام نے عورتوں کو جو مقام دیا وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا۔ اسلام نے ماں کے قدموں میں جنت رکھ دی، بیوی کو اپنے گھر کی ملکہ بنایا، عورتوں کو وراثت کا حق دار بنایا۔ لیکن اغیار کو یہ قابل قبول نہیں تھا۔ وہ ہر آئے دن اسلام پر نشانہ سادھنے کی تاک میں رہتے ہیں، یہی صورت حال آج ہمارے ملک ہند کی ہوتی جارہی ہے۔مذکورہ خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، شیر کرناٹک، شاہ ملت حضرت مولانا سید انظر شاہ قاسمی مدظلہ نے کیا۔
شاہ ملت نے فرمایاکہ ہمارے ملک میں ہر آئے دن مسلمانوں کے نجی مسائل پر مداخلت کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ کبھی نکاح کے نام پر، کبھی طلاق کے نام پر، کبھی حلالہ کے نام پر تو کبھی دیگر موضوع پر۔ جب کہ یہ تمام مسائل مذہبی ہیں اور جمہوری ملک ہند میں ہر ایک شخص کو اپنے مذہب پر چلنے کا پورا حق اور پوری آزادی ہے۔مولانا نے فرمایا کہ موجودہ حکومت طلاق بل کو پاس کرنے کیلئے پر زور کوششیں کررہی ہیں۔ پچھلی بار راجیہ سبھا میں ناکام ہونے کے بعد آرڈیننس کا سہارا لے رہی تھی اور اب جب وہ پھر سے اقتدار کی کرسی پر بیٹھی ہے تو ایک بار پھر لوک سبھا میں طلاق بل کو پیش کردیا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ طلاق ایک شرعی مسئلہ ہے۔اس میں کسی طرح کی مداخلت شریعت میں مداخلت ہے،اور شریعت میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔ مولانا شاہ قاسمی نے فرمایا کہ طلاق بل کو بے وجہ مسئلہ بنایا جارہا ہے، جبکہ طلاق کی شرح مسلمانوں میں دیگر مذاہب کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ شاہ ملت نے دوٹوک فرمایا کہ طلاق صرف بہانہ ہے اسلام اور شریعت اصل نشانہ ہے۔انہوں نے فرمایا کہ کروڑوں مسلم خواتین کو چھوڑ کر حکومت صرف چند مفاد پرست خواتین کو لیکر مذہب اسلام کو بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ جب طلاق مذہبی مسئلہ ہے تو اسے علماء پر چھوڑ دینا چاہئے۔اس طرح کسی مذہبی مسئلہ میں مداخلت نہیں کرنا چاہئے۔ مولانا سید انظر شاہ قاسمی نے فرمایا کہ مسلمان مرتے مر جائے گا لیکن شریعت میں مداخلت برداشت نہیں کر یگا اور شریعت کے خلاف کوئی بل کو قبول نہیں کرے گا۔