اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ہم دیوبندی نہیں اہل سنت والجماعت ہیں!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 20 June 2019

ہم دیوبندی نہیں اہل سنت والجماعت ہیں!

فضل الرحمان قاسمی الہ آبادی
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
آج کل اس بات پر کافی زور لگایا جارہاہے کہ دیوبند کوایک مسلک کے طور پر پیش کیاجارہاہے، اہل باطل کی طرف سے مسلسل یہ بات طول پکڑرہی تھی کہ مسلک دیوبند ایک نیافرقہ ہے، جو ۱۵۰ سالوں سے جس کاوجود ہے،ایک نیادین قائم کررہے ہیں، لیکن افسوس کچھ علماء نادانی کاثبوت کرتے ہوئے باطل کی پوری مددکررہے ہیں، اور مسلک دیوبند مسلک دیوبند رٹ لگاکر باطل کی راہ آسان کررہے ہیں، مسلک دیوبند کی رٹ لگانے والے خواہ وہ کوئی بھی ہو یہ ان کی نادانی کے سوا کچھ بھی نہیں، دیوبند کوئی مسلک نہیں ہم اہل سنت والجماعت کی ایک شاخ ہیں، ہمارے تمام تر عقائد وہی ہیں جوجمہور اہل سنت والجماعت کے ہیں، علماء دیوبند کے کارناموں اوران کی تاریخ سے کہیں زیادہ واقف کار علوم قاسمیہ کے امین حکیم الاسلام مولانا قاری طیب صاحب سابق مہتمم دارالعلوم دیوبند نے صاف لفظوں میں لکھ دیا، دیوبند نہ کوئی فرقہ ہے، نہ کوئی گروہ نہ کوئی مسلک ہے، ہم اہل سنت والجماعت کی ایک شاخ ہیں، لیکن آج علماء دیوبند کے ماننے والوں کے اندر غلو سرایت کرگیا اور اپنے اکابرین کے طریق سے انحراف کرکے دیوبند کوایک مسلک کے طور پر پیش کرناچاہتے ہیں، یہ علماء دیوبند کی تاریخ سے نادانی کے سواکچھ بھی نہیں، دیوبند کومسلک قرار دینادرحقیقت باطل کو مدد پہنچانا ہے،جب ہم اہل سنت والجماعت نہ کہہ کر مسلک دیوبند اور دیوبندی مسلمان کہیں گے توباطل ہمیں ایک نئی جماعت قرار دے کر عوام الناس میں غلط فہمیاں پھیلائیں گے، اور پھر نجات کامدار نہ دیوبندی ہونے پر نہ بریلوی ہونے پر ہے، آقا نے فرمایا ناجی فرقہ "مااناعلیہ واصحابی "یعنی جس پر میں اور میرے صحابہ ہیں وہ فرقہ نجات پائے گا، آقا کے اس بابرکت فرمان سے اخذ کرتے ہوئے علماء نے اہل سنت والجماعت نام رکھا، یعنی وہ جماعت جو  نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرات صحابہ کرام کے نقش قدم پر گامزن ہو،خلاصہ یہ نکلا اہل سنت والجماعت یہ نام ہمیں اللہ کے نبی نے دیا، لیکن جب ہندوستان میں ہرفرقہ اپنے کواہل سنت والجماعت کہنے لگا، اس لئے ممتاز کرنے کے لئے بطور فصل کے اس کی صفت بڑھادئیے اہل سنت والجماعت علماء دیوبند کے ماننے والے، اور اہل سنت والجماعت بریلوی علماء کے ماننے والے، تولفظ دیوبندی بطور فصل کے تھا تاکہ بریلوی سے امتیاز ہو، لیکن جب ہم غلو کازیادہ شکار ہوئے تواس نام کو بھی چھوڑدیا جورسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نام دیا تھا، اور جس کونجات کی علامت بتایا تھا، ہم نے اہل سنت والجماعت کوچھوڑدیا، کچھ جاہل قسم کے مولویوں نے جو غلو میں لت پت ہیں انہوں نے یہاں تک کہنا شروع کردیا اہل سنت والجماعت یعنی دیوبندی مسلمان، باقی تمام لوگ اہل سنت والجماعت سے خارج ہوگئے، حالانکہ جوچیز اصل تھی اسے بالکلیہ چھوڑدیاگیا، جنس کوچھوڑکر فصل کواصل بنادیاگیا، اس لئے آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنا محاسبہ کیاجائے اور اپنے آپ کوغلو سے بالکل پاک صاف کیاجائے، اور اپنے لئے وہی نام تجویز کیاجائے جو اللہ کے نبی نے رکھا ہے، اور اپنی فرضی تحقیق کو کنارہ رکھ کر اکابر علماء دیوبند کے مشن کی کماحقہ پیروی کی اشد ضرورت ہے، دیوبند کوئی مسلک تونہیں، البتہ ایک مکتب فکر کانام توضرور ہے، علماء دیوبند کاہندوستانی مسلمانوں پر احسان عظیم ہے، اہل سنت والجماعت میں بہت سی رائج غلط باتوں کو ختم کیا، آج ضرورت اس بات کی ہے اسی فکر دیوبند کوعام کرنے کی ضرورت ہے، اور موجودہ وقت میں بڑھتے غلو کاسد باب نہیں کیاگیا تومستقبل میں برے نتائج آسکتے ہیں، علماء دیوبند کے علاوہ لوگ بھی اہل سنت والجماعت میں داخل ہیں، بس شرط یہی ہے کہ اس کاعقیدہ جمہور صحابہ وتابعین کرام واسلاف کے مطابق ہو، ہم علماء دیوبند کے ماننے والے ہیں اس لئے دیوبندی کہہ دیاجاتا ہے، ورنہ دیوبندی کوئی چیز نہیں، ہم اہل سنت والجماعت مسلمان ہیں، اس اہل سنت والجماعت ہونے کاجومعیار نبی نے قرار دیا اسی کوقرار دیں، اپنے آپ کو غلو سے پاک صاف کریں.