اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: بابری مسجد کیس کے اہم مدعی ہاشم انصاری مرحوم کا ایک نایاب خط، کیا آپ نے ہماری مدد بند کردی ہے

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 10 November 2019

بابری مسجد کیس کے اہم مدعی ہاشم انصاری مرحوم کا ایک نایاب خط، کیا آپ نے ہماری مدد بند کردی ہے

بابری مسجد کیس کے اہم مدعی ہاشم انصاری مرحوم کا ایک نایاب خط....

' کیا آپ نے ہماری مدد بند کر دی ہے...'

محمد علم اللہ
مسلم مجلس مشاورت پر تحقیق کے دوران جہاں بہت سی نایاب چیزیں دیکھنے کو ملی تھیں وہیں کئی  نادر و نایاب خطوط بھی دیکھنے کو ملے تھے. انھیں میں سے ایک خط  وی بھی تھا جسے بابری مسجد کیس کے سب سے اہم مدعی ہاشم انصاری مرحوم نے سید شہاب الدین مرحوم کو ارسال کیا تھا، خط کو پڑھنے کے بعد میں کن کیفیات سے گذرا اسے لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا.

آج بابری مسجد فیصلے کے بعد اچانک اس خط کا خیال آیا، پرانے اسکین شدہ فائلوں کی تلاش کی تو مل بھی گیا، اس خط کو پڑھئے اوراٹھارہ کروڑ مسلمانوں کی ترجمانی کرنے والے شخص کی کسمپرسی کا ماتم کیجیے، خط کا متن کچھ اس طرح سے ہے :

بسم اللہ الرحمن الرحیم

محمد ہاشم انصاری ٧/٢٥

محترمی و مکرمی معظمی!
السلام عليكم

عرصہ ہوا آپ (سے) ملاقات نہ ہو سکی، کیا آپ نے ہماری مدد بند کر دیا ہے. فروری کے بعد مارچ سے خالق بھائی نے کوئی مدد نہیں کیا اس لئے ہم نے ایک رجسٹری لفافہ آپ کی خدمت میں بھیجا (تھا) شاید آپ کو ملا نہیں، اس لئے ایک پوسٹ کارڈ پھر بھیج رہاہوں.
سید صاحب کی خدمت میں...

یہاں ' کیا آپ نے ہماری مدد بند کر دیا ہے...' کو بار بار پڑھیے اور غور کیجیے کہ مکتوب نگار کس قدر درد اور تکلیف میں ڈوبا ہوا ہے. شاید اسی لئے ایک انٹرویو میں ہاشم انصاری مرحوم نے خود کو اس کیس سے الگ ہونے کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا' بہت تھک گیا، ٹوٹ گیا ہوں، اب ہمت نہیں ہے'.

جاننے والے جانتے ہیں کہ اس ایک کیس سے بے شمار لوگوں نے اپنی سیاست چمکائی، کروڑوں اور اربوں کی جائدادیں جمع کیں اور ایک شخص اسی کی خاطر پائی پائی کے لئے ترس رہا ہے، آج کے فیصلہ کے بعد ہاشم انصاری (مرحوم)کے صاحبزادے اقبال انصاری کے بیان میں بھی اس درد کو بخوبی محسوس کیا جا سکتا ہے۔
 ہمارے لیے غور و فکر کا ایک مقام یہ بھی ہے؟