اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: قاضی شہر کانپور مولانا مفتی منظور احمد مظاہری کا انتقال نماز جنازہ کل بڑی عید گاہ کانپور میں ادا کی جائے گی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 3 November 2019

قاضی شہر کانپور مولانا مفتی منظور احمد مظاہری کا انتقال نماز جنازہ کل بڑی عید گاہ کانپور میں ادا کی جائے گی

قاضی شہر کانپور مولانا مفتی منظور احمد مظاہری کا انتقال
نماز جنازہ کل بڑی عید گاہ کانپور میں ادا کی جائے گی
کانپور۔ ۳؍نومبر: (نمائندہ  خصوصی) مشہور عالم دین ،قاضی شہر کانپور ورکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا مفتی منظور احمد صاحب مظاہری کا آج بروز اتوار  بعد نماز عصر ایکسل اسپتال میں انتقال ہوگیا ۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ اطلاعات کے مطابق ان کی نماز جنازہ سوموار کو صبح دس بجے بڑی عید گاہ کانپور میں ادا کی جائے گی۔ ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا کے توسط سے وائرل ہوئی تعزیتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ موجودہ قاضی شہر مولانا عبدالقدوس ہادی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علما اترپردیش (مولانا ارشد مدنی) سمیت اکابر علمائے کرام نے ان کی وفات حسرت آیات پر غم کا اظہار کیا او ر ان کے وصال کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ واضح رہے کہ مفتی منظور صاحب موضع پوٹریا ضلع جونپور کے رہنےوالے تھے۔مولانا مظاہری ملک کے قدیم اور مشہور مدرسہ بیت العلوم سرائمیر کے قدیم طلبہ میں سے تھے۔ابتدائی عربی فارسی کی تعلیم یہیں حاصل کی ۔اس کے بعد مظاہر علوم سہارنپور کا رخ کیا اور مظاہر علوم ہی سے سند فراغت حاصل کی۔آپ کی عظیم خدمات کا محور ملک کا صنعتی شہر کانپوررہا۔انہوں نے کانپور میں ایک طویل زمانہ تک بڑی اہم خدمات انجام دیں۔آپ ’ماہنامہ نظام ‘کے اہم ذمہ داروں میں سےبھی تھے اور دارالعلوم دیوبند کے تاحیات رکن شوری رہے۔انہوں نے اہم مواقع پر اراکین شوری کو دارالعلوم کی فلاح وبہبود کے لیے مفید مشوروں سے نوازا۔آپ کا شمار ملک کے نامور علماء سے تھا۔اللہ تعالی قاضی صاحب کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے۔(آمین)