اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: آہ الحاج عبدالرشید صاحب، مالیر کوٹلہ، پنجاب نہیں رہے! پنجاب میں جماعت اہل حدیث کا ایک عہد ختم ہوگیا

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 22 November 2019

آہ الحاج عبدالرشید صاحب، مالیر کوٹلہ، پنجاب نہیں رہے! پنجاب میں جماعت اہل حدیث کا ایک عہد ختم ہوگیا


آہ الحاج عبدالرشید صاحب، مالیر کوٹلہ، پنجاب نہیں رہے!
پنجاب میں جماعت اہل حدیث کا ایک عہد ختم ہوگیا
مالیر کوٹلہ :23 /نومبر 2019 آئی این اے نیوز  
یہ خبر نہایت ہی رنج و افسوس کے ساتھ سنی گئی کہ صوبائی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے سابق امیر، مرکزی جمیعت اہل حدیث ہند کے سابق رکن مجلس عاملہ وشوری ، جامعہ سلفیہ بنارس کے سابق نائب صدر و رکن مجلس منتظمہ معروف تاجر و صنعت کار، غیور ومخیر اور مقتدر ومعتبرجماعتی و ملی رہنما الحاج عبدالرشید صاحب کا کل مورخہ ۲۱ نومبر ۲۰۱۹ کو شب کے گیارہ بجے آبائی وطن مالیرکوٹلہ میں بعمر 92 سال انتقال ہوگیا۔انا اللہ وانا الیہ راجعون ۔اللهم اغفر له وارحمه واعفه واعف عنه ووسع مدخله واكرم نزله واغسله بالماء والثلج والبرد ونقه من الخطايا كما نقيت الثوب الابيض من الدنس وادخله في جنه الفردوس و اعذه من عذاب القبر وعذاب النار۔ 
مزکورہ خیالات کا اظہار آج یہاں اصغر علی امام مہدی سلفی، امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا. انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نہایت ہی نیک ،پرہیزگار اور خصائل حمیدہ سے متصف، پابند شرع اور نہایت ہی مخلص وغیور اور نامور اہل حدیث بلکہ پنجاب میں اہل حدیث کی پہچان تھے۔ سخاوت و فیاضی ان کا امتیاز تھا اور مدارس و مساجد اور دیگر مستحقین کی امداد کے لئے ان کا ہاتھ ہمیشہ کھلا رہتا تھا ۔ آپ بہت سی انجمنوں اور سوسائٹیوں کے سرپرست ، عہدیدار اور رکن تھے۔ جماعتی کاز سے کافی دلچسپی رکھتے تھے۔علماء نواز تھےاور ان کی ضیافت کرتے تھے۔ مرکزی جمیعت اہل حدیث ہند کےذمہ داران خصوصا مجھ ناچیز سے بڑی محبت کرتے تھےاور جب بھی مالیر کوٹلہ حاضری ہوتی تو بڑے خلوص سے ملتے،پرتپاک استقبال کرتے اور امکان اور اصرار کی حد تک اپنے یہاں قیام پر مجبور کرتے تھے۔ جمعیت وجماعت کے لیے مفید مشورے دیتے تھے۔ اور اس پیرانہ سالی میں بھی جمعیت و جماعت کی خبر بذات خود فون کر کے معلوم کرتے تھے اور مرکز کی متنوع دینی ،علمی ،تحقیقی،دعوتی، نشریاتی،تعمیراتی، رفاہی اور قومی وملی سرگرمیوں کے بارے میں اچھی خبرسن کر خوش ہوتے تھے، خصوصا جمعیت کی طرف سے نئی کتابوں کی طباعت پر خوشی کے اظہار کے ساتھ ساتھ کتابوں کے نسخے طلب کرتے اور تعریف و توصیف کے ساتھ ڈھیر ساری دعائیں دیتے تھے۔ اور اپنی اولاد واحفاد کو بھی دینی اور جماعتی کاموں کی ترغیب دلاتے رہتے تھے۔ ادھر بہت دنوں سے ان کی شدید خواہش اور تمنا تھی کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سرپرست اور سابق امیر محترم جناب حافظ محمد یحیی دہلوی حفظہ اللہ صاحب سے ان کی ملاقات ہو اور دوسری یہ کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے دونوں عظیم تعمیراتی پروجکٹوں خصوصا اہل حدیث منزل کی تعمیر پر اظہار خوشی کے ساتھ اس کا معائنہ کریں لیکن پیرانہ سالی کے سبب اور امروز و فردا میں ان کی یہ آرزو پوری نہ ہوسکی۔ البتہ اس کے اجر و ثواب سے ان شاءاللہ محظوظ و ماجور ہوتے رہیں گے۔ ان کی تجہیز و تدفین آج11بجے دن آبائی قبرستان اجاڈو تکیہ مالیر کوٹلہ میں عمل میں آئے گی، اہل حدیث کمپلیکس دہلی میں بعد نماز جمعہ نماز جنازہ غائبانہ کا اہتمام ہوگا اور بنگال میں گاجول کی عظیم جامع مسجد بھی نمازجنازہ غائبانہ ادا کی جائے گی۔ ان شاء اللہ۔ اللہ تعالی انکی مغفرت کرے،ان کی خدمات کو قبول فرمائے،جنت الفردوس کا مکین بنائے۔پسماندگان خصوصا صاحبزادے طلحہ صاحب اور ان کے دیگر پانچ بھائیوں، اکلوتی بہن، بہنوئی اور دیگر اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق بخشے اور جمعیت وجماعت کو ان کا نعم البدل عطاکرے۔آمین۔