اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: اپنا بھروسہ { جاگو مسلمانو! جاگو! } ظفر امام قاسمی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 9 December 2019

اپنا بھروسہ { جاگو مسلمانو! جاگو! } ظفر امام قاسمی

          اپنا بھروسہ  { جاگو مسلمانو! جاگو! }
ظفر امام قاسمی
-----------------------------------------------------         
         بچپن میں اسکول میں ایک کہانی ‘‘ اپنا بھروسہ ‘‘ کے عنوان سے پڑھنے میں آئی تھی، جس کا پسِ منظر کچھ یوں تھا کہ ایک جنگل میں چر رہے ایک ننھے سے خرگوش کی جان کے درپے ایک جنگلی آوارہ کتا پڑگیا تھا ، جو خرگوش کی نرم نرم ہڈیوں سے اپنی بھوک مٹانا چاہتا تھا ، ڈر کے مارے کمزور و ناتواں خرگوش کی حالت دگر گوں ہوگئی ، اپنی اس پریشانی اور مصیبت سے نجات چھڑانے کے لئے اسی جنگل میں ساتھ چر رہے وہ اپنے دوستوں { گھوڑا ، گدھا ، گائے اور بکری } سے مدد کا طالب ہوا ، اور اپنی دوستی کی گُہار لگا کر کتے کے مقابلے میں محاذ آرائی کی ان سے درخواست کی ، لیکن! اس کے سارے دوست عذرِ لنگ کر کے اس سے اپنا پیچھا چھڑالئے ، اور اسے خبردار کیا کہ آئندہ کبھی ادھر کا رخ مت کرنا ، تمہاری وجہ سے ہم اس آوارہ کتے سے اپنی دشمنی مول نہیں لےسکتے؛
              اپنے دوستوں کی بےمروتی اور بزدلی دیکھ کر خرگوش کی آنکھیں کھل گئیں ، اور اسی وقت وہ دل میں یہ فیصلہ کرلیا کہ اب مجھے قدرت کی طرف سے عطا کردہ ‘‘ اپنی ٹانگوں پر بھروسہ کرنا چاہیے ‘‘ اور پھر اسی دن سے جنگل کی وسعتوں میں ایسی تیز دوڑ لگائی کہ وہ آوارہ کتا کبھی بھی اس کی گَرد تک نہ پہونچ سکا؛
             ہندوستان کے موجودہ حالات اور ان پر ہمارے قائدین { جن کے کندھے پر صدیوں سے ہم نے اپنی اعتباریت کا بوجھ رکھا ہوا ہے ، اور جن کو ہم اپنے دین و ملت کی پاسبانی کا ذریعہ سمجھتے چلے آئے ہیں } کی مہر بلبی اور خاموش مزاجی ہمارے سامنے یہ منظر نامہ پیش کرتی ہے کہ اب ہندی مسلمانوں کے لئے ان کی قائدانہ زنجیروں کی گرفت سے آزاد ہو کر ‘‘ خود کی ٹانگوں پر بھروسہ کرنے کا وقت آگیا ہے؛‘‘
          کتنی افسوس کی بات ہے کہ ہندوستان میں اسلام دشمن طاقتیں آئے دن واشگاف طور پر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نوع بنوع  ہتھکنڈے اپنائے جا رہی ہیں ، اور نوبت بہ نوبت ہندوستان کی آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا کر ہندوتوا کی بالا دستی قائم کر کے مسلمانوں کی حالت شودروں سے بھی ابتر کرنے کا تہیہ کر چکی ہیں، لیکن! افسوس کہ ایسے ناگفتہ بہ حالات میں بھی ہمارے قائدین خوابِ نوشیں کے مزے لے رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ انہیں کوئی نشہ آور دوا پلا کر بےخبر سلا دیا گیا ہے ، جس کی بناء پر انہیں ہندوستان کے بارے میں کچھ پتہ ہی نہیں؛
            ماضی کو چھوڑیے ، حال ہی کو لے لیجیے کہ کئی دنوں سے ہندوستان کا سیاسی و غیر سیاسی ماحول ‘‘ شہریت ترمیمی بل ‘‘ کو لیکر کافی گرما گرم ہے اور آج پارلیمنٹ میں اکثریت کی تعداد کے ساتھ وہ بل پیش بھی کیا جاچکا ہے ، لیکن! اب تک کسی قائد کا نہ ایک بیان آیا اور نہ ہی کسی نے کوئی کانفرنس بلائی؛
     کتنی حیرت انگیز بات ہے کہ مسلمانانِ ہند یہ جان کر کہ ‘‘ ہماری آوازیں صدا بصحراء کے علاوہ اور کچھ نہیں ‘‘ انہیں ہی اپنا ہر کچھ سمجھتے ہیں ، اپنی ملت و مذہب اور دین و ایمان کا انہیں ہی پاسباں گردانتے ہیں؛ لیکن! صد حیف ان کی بےمروتی اور سرد مہری پر کہ آج ہندوستان کے مسلمانوں پر خوف و ہراس کی چادر تان دی گئی ہے، اس کے بعد بھی کوئی قائد { سوائے ایک کے } اپنی زبان کو حرکت تک دینا گوارہ نہ کیا؛
       اس لئے اے ہندی مسلمانو! اب ان قائدین کو چھوڑو ، { الا یہ کہ وہ صحیح قائدانہ رول ادا کریں } اپنا بھروسہ خود کرو ، اتحاد و اتفاق کا دامن تھام لو اور اپنی حیدری قوت اور فاروقی جرأت سے دشمنانِ اسلام کے خرمنوں پر کہرام مچادو!
           ارے تم تو ایسی جری اور بہادر قوم کے وارث ہو جس کے پیش رؤوں نے تعداد کی قلت و کثرت کی طرف نہ دیکھتے ہوئے اپنی بلند ہمتی اور ایمانی قوت کے بل بوتے پر نہنگوں کے نشیمن کو تہہ و بالا کر دیا تھا ، آخر تمہاری رگوں میں بھی تو ان ہی کا خون دوڑ رہا ہے، اس لئے خدا را اپنے مستقبل کو اپنے ماضی کے آئینے میں دیکھتے ہوئے میدانِ عمل میں اتر آؤ! تاکہ کل تمہیں خدا ، اس کے رسولﷺ اور معمارانِ اسلام کے سامنے شرمسار نہ ہونا پڑے ، اور اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھو جب تک کہ سنگھی طاقت اپنے ارادے کا قبلہ نہ بدل لے! ورنہ پھر نسلوں تک غلامی کے اذیت ناک طوق پہننے کے لئے تیار ہوجاؤ!

              ظفر امام کھجورباڑی
            ٹیڑھاگاچھ ، کشن گنج