نربھیا معاملہ: مجرموں کی ’موت کا پروانہ‘ جاری، 22 جنوری کو صبح سات بجے پھانسی
پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے نربھیا عصمت دری اور قتل معاملے میں سبھی چار قصورواروں کے خلاف پھانسی کی سزا کے تحت تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ چاروں مجرموں کو پھانسی ایک ساتھ 22 جنوری کو دیا جائے گا۔ عدالت نے ڈیتھ وارنٹ (موت کا پروانہ) جاری کرتے ہوئے ہوئے کہا چاروں کو پھانسی کی سزا سنائی جا چکی ہے لہذا سبھی کو ایک ساتھ 22 جنوری کو صبح سویرے 7 بجے پھانسی دی جائے گی۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے جج نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے چاروں مجرموں سے بات کی۔ گفتگو کے دوران عدالت نے میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی اور میڈیا کو اندر جانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔
اس فیصلہ کے بعد نربھیا کی ماں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کا دن ہمارے لیے بہت بڑا دن ہے۔ آج کی تاریخ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور لوگوں کا بھروسہ عدالتی نظام میں بڑھے گا۔‘‘ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نربھیا کی ماں نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک بہت بڑا فیصلہ ہے اور آج کے دن کے لیے وہ بہت زمانے سے انتظار کر رہے تھے۔ نربھیا معاملہ میں انصاف حاصل کرنے کے بعد انھوں نے سبھی لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نربھیا کے مجرموں کے نام سے جو ڈیتھ وارنٹ جاری کیا گیا ہے اس سے مراد ’موت کی سزا پر عمل درآمد‘ سے ہے۔ اسے بلیک وارنٹ بھی کہا جاتا ہے۔ بلیک وارنٹ پر جج کے دستخط ہوتے ہیں اور اس کے بعد یہ جیل انتظامیہ تک پہنچ جاتا ہے۔ اس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ پھانسی کی سزا کے وقت کا فیصلہ کرتی ہے۔ اس کے بعد طے شدہ اصولوں کے مطابق مجرم کو پھانسی دی جاتی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی نہیں کی ہے. – Sourceبشکریہ قومی آواز