• سینکروں لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا، مولانا مدنی نے متاثرین سے ملاقات میں کہا کہ یہ زمین ہماری ہے اور رہے گی، ہمیں یہاں سے کوئی ہٹا نہیں سکتا
نئی دہلی۔ 27فروری 2020
مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں جمعیۃ کے ایک وفد نے دہلی فساد کے متاثرہ علاقے مصطفی آباد واطراف کا دورہ کیا اورمتاثرین سے ملاقات کرکے ان کی دکھ بھری داستان سنی۔ دریں اثنا مولانا مدنی نے ظہر کی نماز کے بعد النور مسجد مصطفی باد میں اپنے مختصر خطاب میں غم زدہ لوگوں کو حوصلہ دیا اور کہا کہ بھارت ہمارا تھا، ہمارا ہے اور ہمارا رہے گا، ہمیں کسی بھی حالت میں گھبرانا نہیں ہے؛ ساتھ ہی ہمیں مشکلات میں صبر و حوصلے کے ساتھ رجوع الی اللہ کرنا چاہیے۔
جمعیۃ علماء ہند کی ٹیم نے فوری طور سے راحت و بچاو کا کام تیز کردیا ہے، آج مصطفی آباد، کراول نگر، کھجوری،کردم پوری بھجن پورہ سے تین سو تیس لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا گیا، گھونڈہ موجپور کے مدرسہ سیدنا ابوبکر میں پھنسے پندرہ چھوٹے چھوٹے طالب علموں کو نکال کر باحفاظت مدرسہ باب العلوم جعفرآباد پہنچا یا گیا، اس مدرسہ کے مہتمم اور جمعیۃعلماء صوبہ دہلی کے نائب صدر مولانا دائود امینی نے اعلان کیا ہے کہ جہاں پر بھی طلباء پھنسے ہوئے ہیں وہ باب العلوم میں آکر پناہ لے سکتے ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان نے فاروقیہ مسجد برج پوری پلیہ کا بھی معائنہ کیا، جہاں شرپسند عناصر نے پوری مسجد کو جلادی ہے، پنکھے، کولر ، ٹنکی، قالین اور صفوں کے ساتھ ساتھ طاقوں میں قرآن کریم کے درجنوں نسخوں کوبھی نذر آتش کردیا ہے ،مسجد کی چھت پر ابھی تک آگ سلگ رہی ہے۔ ضرورت مندوں تک ضروری اشیائے خوردنی بھی پہنچائی جارہی ہے ۔
آج جمعیۃعلماء ہند کے وفد میں مولانا محمود مدنی کے علاوہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، مولانا ضیا ء اللہ قاسمی، مولانا قاری محمد عارف قاسمی ،مولانا محمد یاسین جہازی، مولانا جمال قاسمی، مولانا عرفان قاسمی کے علاوہ مقامی ذمہ داروں میں مولانا داود امینی نائب صدر جمعیۃ علماء دہلی، مولانا عبدالسبحان قاسمی صدر جمعیۃ علماء چاندنی چوک ، مفتی ذکاوت قاسمی شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ،مولانا غیور احمد قاسمی، قاری ارشاد احمد مصطفی باد،قاری احرار الحق جوہر، مولانا ذاکر، مولانا اخلاق وغیرہ موجود تھے۔ اس کے کئی ذمہ داران اور کارکنان راحت کے کام میں لگے ہوئے ہیں ۔