حج ہاؤس کو ’کورونا آئسولیشن سنٹر‘ میں تبدیل کرے گی یوگی حکومت!
غازی آباد کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ شیلندر سنگھ نے بتایا کہ ’’محکمہ صحت حج ہاؤس میں 400 بستر کا کورونا آئسولیشن سنٹر تیار کرے گی۔ اس میں بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کی جانچ ہوگی۔‘‘
غازی آباد واقع ’اعلیٰ حضرت حج ہاؤس‘ میں اس وقت تالا لگا ہوا ہے، لیکن یوگی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس حج ہاؤس کو ’کورونا آئسولیشن سنٹر‘ بنایا جائے گا۔ دراصل کورونا وائرس کو لے کر یوگی حکومت بہت محتاط نظر آ رہی ہے اور کئی اضلاع میں گوشت و مچھلی کھلی جگہوں پر فروخت کرنے پرپابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔ اب یوگی حکومت کے محکمہ صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ اعلیٰ حضرت حج ہاؤس کو تقریباً 400 بستروں پر مبنی آئسولیشن سنٹر بنایا جائے گا۔
غازی آباد کے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ شیلندر سنگھ نے یوگی حکومت کے فیصلہ کے تعلق سے میڈیا کو بتایا کہ ’’محکمہ صحت اعلیٰ حضرت حج ہاؤس میں 400 بستر کا کورونا آئسولیشن سنٹر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس سنٹر میں بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کو رکھ کر ان کی جانچ کی جائے گی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’سنٹر میں علاج کے لیے ضروری وسائل مہیا کیے جائیں گے تاکہ کورونا وائرس سے متعلق کیسز کے بارے میں صحیح جانکاری مل سکے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ غازی آباد کے ارتھلا میں عالیشان اعلیٰ حضرت حج ہاؤس موجود ہے اور اس وقت اس میں تالا لگا ہوا ہے۔ 2018 میں یوگی حکومت نے ہی اس حج ہاؤس میں تالا لگوایا تھا اور اس وقت سے یہ ویران پڑا ہوا ہے۔ اس حج ہاؤس میں کئی بڑے کمرے ہیں اور رہنے کی سبھی بنیادی سہولیات بھی موجود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یوگی حکومت نے اس کو کورونا آئسولیشن سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 400 بستروں کے اس آئسولیشن سنٹر میں ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائے گی۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ تین سے چار دنوں کے اندر یہ سنٹر تیار ہوجائے گا۔
اس دوران صحت معاملوں کے چیف سکریٹری نے اتر پردیش میں اب تک 175 لوگوں کے مشتبہ ہونے کی بات میڈیا کے سامنے کہی۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ان مشتبہ لوگوں میں سے 157 لوگوں کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ گویا کہ 157 مریضوں میں کورونا وائرس کا انفیکشن موجود نہیں پایا گیا۔ بقیہ 18 کیسز میں سے 6 آگرہ اور ایک غازی آباد کے مریض کا سیمپل پونے بھیجا گیا ہے۔