کورونا سے لڑنے کیلئے بکسر سینٹرل جیل کے قیدی بنا رہے ماسک
کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ماسک کی کمی کو دور کرنے کیلئے بہار میں بکسر سینٹرل جیل کے قیدی جنگی سطح پر ماسک بنانے کا کام کر رہے ہیں
بکسر: کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ماسک کی کمی کو دور کرنے کیلئے بہار میں بکسر سینٹرل جیل کے قیدی جنگی سطح پر ماسک بنانے کا کام کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے میں کئی طرح کی احتیاطوں کے دوران بازار میں ماسک کی کافی قلت ہوگئی ہے اور اچانک ماسک کی طلب بڑھ جانے سے اس کی دستیابی مشکل ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، زیادہ تر دکانوں میں اس کا اسٹاک نہیں ہے۔ ایسے میں انسانیت کی انوکھی مثال پیش کرتے ہوئے بکسر مرکزی جیل کے قیدیوں نے ماسک بنانے کاکام جنگی سطح پر شروع کر دیا ہے۔
کورونا سے لڑنے کیلئے سینٹرل جیل کے قیدی صرف ماسک ہی نہیں بلکہ فینائل بھی تیار کر رہے ہیں۔ قیدیوں کو محکمہ صحت کی جانب سے 1000 ماسک بنانے کا آرڈر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ پولیس نے بھی 200 ماسک بنانے کا آرڈر دیا ہے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ وجے اروڑہ نے بتایا کہ قیدی ڈبل لیئر ماسک تیار کر رہے ہیں۔ جو سوتی کپڑے سے بنایا جا رہا ہے۔ ایک ماسک کو تیار کرنے میں قریب 20 روپے کا خرچ آ رہا ہے۔ کپڑے سے بنے ہونے کی وجہ سے اسے استعمال کے بعد دھوکر پھر سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، قیدیوں کے ذریعہ جو فینائل تیار کیا جا رہا ہے اسے بھی پولیس اور محکمہ صحت کو سپلائی کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع ترسیلی یونٹ کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں ماسک کی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے اور مقررہ قیمت سے زیادہ قیمت پر ماسک فروخت نہیں کیا جا سکتا۔ انتظامیہ کا انتباہ ہے کہ اگر طے شدہ قیمت سے زیادہ پر ماسک فروخت کیا جاتا ہے تو متعلقہ دکاندار پر سخت کاروائی کی جائے گی۔
