اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: رمضان المبارک کی قدر کیجئے!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 14 May 2020

رمضان المبارک کی قدر کیجئے!

تحریر: مولانا ابوالفضل قاسمی، برا دربھنگہ
__________
رمضان کا مبارک مہینہ اپنی تمام تر بر کتوں اور سعادتوں کے ساتھ ایک بار پھر ہم پر سایہ فگن ہے ،ماہِ مبارک دو تہائی رخصت پذیر ہو چکا ہے،عام طور پر اس اس مبارک مہینہ کے آتے ہی پوری دنیا کے مسلمانوں کے ذہنوں میں خوشی ومسرت اور جشن و سرور کی
ایک عجیب سی کیفیت پیدا ہو جا تی ہے اور ہر کوئی اپنے دل میں اس ماہ کی عظمت و وقعت کا احساس پیدا کر کے مختلف عبادات کی ادایگی کے ذریعہ حتی الامکان اس کی قدر دانی کی کو شش کر تا ہے ، کیو نکہ اللہ رب العزت نے اس مہینہ کو خاص فضیلت عطا فر مائی ہے ،اور باری تعالیٰ اس مہینے میں بندوں کو اپنی نوازش شاہانہ کی دولت سے نوازتے ہیں،اسلئے ہمیں چاہیے کہ ہم اس ماہ کی قدر کریں اور دعوت و عبادت کو جمع کرنے کے ساتھ ایک ایک لمحہ غنیمت سمجھ کر رضائے الٰہی کے حصول میں صرف کریں،
رمضان المبارک تقرب الٰہی کے حصول کا ایسا مبارک مہینہ ہے اس ماہ کے اندر کی جانے والی معمولی سے معمولی عبادت بھی برسوں کے گناہوں کے لئے کفارہ بن جاتی ہے ،اس ماہ کو اللہ نے ایسی عبادتوں سے آراستہ کر دیا ہے جو بندے کو خدا سے قریب کرتی ہیں۔ رمضان کے شب و روز انوار الٰہی کی تجلیات سے مشکبار ہوتے ہیں اور خدا سے روٹھے ہوئے بندے اس ماہ کی عبادتوں کے ذریعہ خود کو اللہ سے قریب کر لینے کی کوشش کرتے ہیں اور حقیقت بھی یہی ہے کہ اگر رمضان جیسا مبارک مہینہ بھی غفلت اور بے حسی میں گزر جائے اور بندہ ان ایام میں خدا سے لو لگا کر اپنی بخشش نہ کروا لے تو بھلا ان کی مغفرت کے لئے اور کون سا زمانہ آئے گا، ماہ رمضان کی عظمت ووقعت کا اندازہ اس بات سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ اس ماہ کی سب سے اہم عبادت کا بدلہ خود اللہ نے اپنے ذمہ لیتے ہوئے فرمایا ۔۔الصوم لی وانا اجزی بہ۔۔ یعنی روزہ خالص میرے لئے ہے چنانچہ اس کا بدلہ بھی میں ہی دونگا ۔
یہ ایسا مہینہ ہے کہ اس کا اول حصہ اللہ کی رحمت ہے اور درمیانی حصہ مغفرت ہے اور آخری حصہ آگ سے آزادی ہے۔نبی اکرم ﷺ‎ نے فرما:جو شخص کسی روزہ دار کو پانی پلائے حق تعالیٰ قیامت کے دن میری حوض سے اس کو ایسا پانی پلائیں گے جس کے بعد جنت میں داخل ہونے تک پیاس نہیں لگے گی۔
    سبحان اللہ !! اندازہ کیجئے کہ رمضان المبارک کا پورا مہینہ کتنی خیروں ،برکتوں والا ہے ۔اسکے ایک ایک منٹ کی قدر کرنی چاہئے ۔خاص طور سے ہر قسم کے گناہ ومعصیت اور فضولیات ولغویات سے ان مبارک دنوں اور راتوں میں بہت زیادہ اہتمام سے بچنا چاہئے اور اس کی ہر گھڑی اور لمحہ کو غنیمت جان کر اللہ تعالیٰ کی عبادت وتلاوت صدقہ وخیرات اور ذکر ودرود اور دعاؤں کا بہت زیادہ اہتمام کرنا چاہئے  کہ ایسا نہ ہو کہ یہ بابرکت مہینہ بھی گزرجائے اور ہماری بخشش ومغفرت نہ ہو ۔
ماہ رمضان المبارک اپنے ساتھ بے شمار فضائل و برکات لیے ہوئے ہر سال ہم پر سایہ فگن ہوتا ہے۔مگر اس سے فائدہ وہی لوگ اٹھاپاتے ہیں جو اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لانے کے خواہش مند ہوتے ہیں، پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ اور معمولات کواپنی زندگی میں جاری کرنے کے خواہاں ہوتے ہیں ۔ نبی ؐ کی پوری زندگی ہمارے لیے نمونہ ہے ۔ہمیں چاہیےکہ رمضان المبارک میں آپﷺ‎ کے معمولات پر عمل کرکے اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں ، کیوں کہ ہم اس ماہ میں اپنی تربیت پر جس قدرتوجہ دیں گے اسی قدر دیگر مہینوں میں بھی ہم اللہ کی رضاجوئی اور اس کے احکام کی پابندی کے ساتھ خوشگوار زندگی گزارسکیں گے۔
اس لیےہمیں معمولات نبوی ﷺ‎ کو اپنی زندگی میں مکمل طور لانے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنا یہ معمول بنانا چاہئے کہ جب ہم سحری کے لئے بیدار ہوں تو باوضو ہو کر کچھ وقت نماز تہجد کی ادائیگی کے لئے نکالیں اور پھر پورا ماہ اس کی پابندی کے لئے کوشاں رہیں۔ کیا بعید ہے کہ اس مشق سے ہماری نماز تہجد کی عادت مداومت اختیارکر جائے اور ہماری بقیہ زندگی میں تہجد کا معمول اس قدر راسخ ہو جائے کہ پھر اسے ترک کرنے کا تصور بھی نہ ہو سکے۔رمضان المبارک کی برکتوں اور رحمتوں کے حصول کے لیے معصیات ومنکرات سے پرہیز نہایت ضروری ہے، اس کے بغیر تقوے کی سعادت سے متمتع نہیں ہواجاسکتا۔رب کریم اس ماہ مبارک میں ہم سب کو فرائض کی ادائیگی کے ساتھ تلاوت قرآن کا اہتمام، نوافل کی کثرت اور دیگر اعمال خیر کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے  صغیرہ وکبیرہ گناہوں کو معاف فرما کر اپنی رضا و خوشنودی عطا فرمائے۔
آخری بات : ماہ صیام کی مبارک ساعتوں میں موجودہ مہلک بیماری سے نجات کے لئے حق تعالٰی کے حضور دعاؤں کا بطور خاص اہتمام کریں حق تعالٰی ہر قسم کے مصائب و آلام سے پوری امت کو محفوظ فرمائے ۔آمین