اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مولانا اسامہ کئی محاذ پر بیک وقت ڈٹی رہنے والی تحریکی شخصیت کے حامل تھے: مفتی عفان منصورپوری

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 18 July 2020

مولانا اسامہ کئی محاذ پر بیک وقت ڈٹی رہنے والی تحریکی شخصیت کے حامل تھے: مفتی عفان منصورپوری

مولانا اسامہ کئی محاذ پر بیک وقت ڈٹی رہنے والی تحریکی شخصیت کے حامل تھے: مفتی عفان منصورپوری

امروہہ: 18/جولائی 2020 آئی این اے نیوز 
مفتی عفان منصورپوری نے مولانا متین الحق اسامہ کے سانحہ وصال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ صدر جمعیت علماء اترپردیش حضرت مولانا متین الحق اسامہ قاسمی نور اللہ مرقدہ بھی قلیل عرصہ میں بہت سا کام کرکے اس دنیائے دنی کو چھوڑ کر راھی ملک عدم ھوگئے ، انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ اللہ پاک مولانا مرحوم کو اپنے قرب خاص سے نوازیں ۔
بلا شبہ مولانا کئی محاذ پر بیک وقت بغیر تھکے ڈٹی رھنے والی ایک تحریکی شخصیت کے حامل تھے ، قوم و ملت کی فلاح و بہبود کے جذبہ کے خاطر اپنی ذاتی ضروریات سے بھی بے پرواہ ھوکر وہ تا دم حیات ھر دم متحرک و سرگرم رھے ، وہ اپنی ذات میں ایک انجمن کے واقعی مصداق تھے ۔
فرق باطلہ کا تعاقب ھو یا مسلک حق کی ترجمانی ، فکر دیوبند کی ترویج ھو یا نظریہ جمعیت اور اکابر دارالعلوم سے لگاؤ ، امت کی اصلاح کا درد ھو یا دینی و عصری تعلیم کے میدانوں میں اسے آگے لے جانے کا جذبہ ھر محاذ پر مولانا پوری دیانت کے ساتھ فکر مند اور فعال دکھائی دیتے تھے ، انہوں نے اپنے خدا داد ، متاثر کن انداز خطابت سے دعوت دین اور فکر صحیح کی تبلیغ میں بھی کوئ کسر نہ چھوڑی اور قلوب کو گرمانے کا بھی بہت کام کیا ، ان کے چہرے کی وجاھت اور زبان کی شیرینی دلوں کو موہ لیا کرتی تھی ۔
مولانا کی وفات ایک بڑا حادثہ اور خاص طور پر جمعیت علمائے ھند کے لئے بہت بڑا خسارہ ھے ، وہ برسوں سے جمعیت علماء کے پروگراموں کی زینت رھا کرتے تھے ، جمعیت کی مجالس عاملہ ھوں یا ملک کے طول وعرض میں منعقد ھونے والے بڑے پروگرام مولانا اس کا ایک اھم حصہ ھوا کرتے تھے ، لمبے زمانے تک مولانا مرحوم کی یہ کمی کھلتی رھے گی ، ان کو اور ان کی خدمات کو برابر یاد کیا جاتا رھے گا ۔
دعاء ھے باری تعالی مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائیں ، اپنی رضاء و رضوان سے نوازیں ، ان کی خدمات کا اپنی شایان شان بدلہ مرحمت فرمائیں اور اھل خانہ ، پسماندگان و متعلقین سب کو صبر جمیل نصیب فرمائیں ۔