ڈاکٹر خالد رضا اعظمی کے سانحہ ارتحال پر علماء مہراج گنج کا اظہار تعزیت!
آنند نگر مہراج گنج:05/ستمبر 2020 آئی این اے نیوز
رپورٹ! عبید الرحمن الحسینی
خادم قوم ملت، محب العلماء والصلحا، سیکڑوں مساجد و مدارس کے معین و مددگار، ریاض ہسپتال کے روح رواں، شعبہ نشرالقران کے رکن اعظم، ڈاکٹر خالد رضا اعظمی گزشتہ شب اللہ کو پیارے ہوگئے۔ ڈاکٹر صاحب کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ آسانی سے پر نہ ہوگا۔ ڈاکٹر صاحب عالم تو نہیں تھے مگر عالم گر تھے اور بےشمار اوصاف حمیدہ کے مالک تھے ان اوصاف میں سے نمایاں صفت یہ ہے کہ مرحوم اپنی وضع داری، حلم و بردباری سخاوت دریا دلی سادگی، بے تکلفی، چھوٹوں کی ہمت افزائی میں اپنی مثال آپ تھے۔
مذکورہ باتوں کا اظہار خیال مفتی مقصود عالم قاسمی مہتمم مدرسہ اسلامیہ گلشن نبی نیا گاوں نے کی۔ انہوں مزید کہا کہ آپ شریف النفس ملنسار آپ سے ملنے والا ہر شخص آپ کے حسن اخلاق اور بلند کردار سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہتا تھا۔ اکثر چہرے پر مسکراہٹ پھیلی رہتی تھی اور پیشانی پر سجدے کا نشان آپ کی عبادت گزاری کا پتہ دیتا تھا۔ آپ کی زندگی دین کی سربلندی کے لئے فکر مندی سے عبارت تھی، نرم روی اور حکمت عملی کے ساتھ آپ نے اصلاح امت کا کام جاری رکھا اور ملت کے ہر طبقے کا آپ کو اعتماد حاصل رہا دعا فرمائیں کہ اللہ تعالی ڈاکٹر صاحب مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور آپ کے چھوڑے ہوئے کاموں کی اور ہسپتال کی حفاظت فرمائے نیز جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
حافظ شجاعت فیض عام چیریٹیبل ٹرسٹ کے جنرل سپروائزر حافظ عبید الرحمن الحسینی نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر خالد رضا اعظمی کے انتقال کی خبر شوشل میڈیا پر دیکھتے ہی مجھے ایک عجیب کیفیت پیدا ہوئی، ڈاکٹرصاحب ایک قیمتی انسان تھے، مؤمنانہ صفات کے حامل تھے، علماء اوراہل مدارس اسلامیہ سے قلبی لگاؤ رکھتے تھے، کمزوروں، حاجتمندوں کی ہمیشہ خندہ پیشانی سے مددفرماتے تھے، ایک ہاتھ سے اس طرح خرچ کرتے کہ دوسرے ہاتھ کومعلوم نہیں ہوپاتا، دینی اورعصری دونوں تعلیم کوعام کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے، اوراس سلسلہ میں دل کھول کرخرچ کرتے، اللہ تعالیٰ ان کی ان مساعی جمیلہ کوشرف قبولیت بخشے، اور ان کے حق میں صدقہ جاریہ بنائے، ان کے پسماندگان کے ساتھ ساتھ ان کے احباب اور رفقاء کار کوبھی صبرجمیل کی توفیق بخشے۔
تمام اہل مدارس و ائمہ مساجد سے دعاء مغفرت کی درخواست ہے، اللہ تعالیٰ ڈاکٹر صاحب مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اعلی علیین میں جگہ عنایت فرمائے نیز پسماندگان ومتعلقین کوصبرجمیل کی توفیق عطا فرمائے، آمین