اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…
Monday, 14 November 2016
بجٹ میں اضافہ اور چند اہم فیصلوں کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوری کا دوروزہ اجلاس اختتام پذیر!
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
مفتی محمد یوسف تاؤلی دارالعلوم دیوبند کے نئے ناظم تعلیمات منتخب!
سمیر چودھری
ــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 14/نومبر 2016) عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا دو روزہ اجلاس آج سالانہ بجٹ میں اضافہ اور نظم ونسق سے متعلق اہم تجاویز کی منظوری اور نئے ناظم تعلیمات کی تقرری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا،دوران اجلاس مرکزی حکومت کے ذریعہ بڑے نوٹوں پر پابندی کے بعد ملک میں آئے اقتصادی بحران سمیت مسلم پرسنل لاء کے تحفظ کے سلسلہ بھی شوریٰ اراکین نے گفت وشنید کی ۔ 13؍؍ نومبر کی صبح سے شروع ہونے والا اجلاس14؍ نومبر تک جاری رہا۔مجلس شوری کے اجلاس میں ادارے کے جملہ شعبہ جات کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹیں پیش کی گئیں جن پر مجلس شوریٰ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں سابقہ مجلس کی کارروائی کی خواندگی وتوثیق بھی عمل میں آئی۔ اس اجلاس کی آخری نشست میں ادارے کا سالانہ تخمینی بجٹ پیش کیا گیا اور اتفاق رائے گزشتہ کے بجٹ میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ کے اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے 29,69,95,000 (انتیس کروڑ، انہتر لاکھ، پنچانوے ہزار) روپئے کے بجٹ کی منظوری دی گئی،ذرائع کے مطابق بڑے نوٹوں پر پابندی کے بعد اچانک ملک میں آئے اقتصادی بحران کے سبب فی الوقت گریڈ اسکیل جیسی تجاویز کو منسوخ کردیاگیا، لیکن ادارہ کے اجیران کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ کیاگیاہے۔ خبر ہے کہ ادارہ کے کئی بڑے عہدیدان نے شوریٰ کے سامنے اپنے عہدوں سے استعفیٰ پیش کیا تھا لیکن ان کے استعفے نامنظور کردیئے گئے جبکہ ناظم تعلیمات مولانا محمد احمد کااستعفیٰ منظور کرلیاگیا اور ان کی جگہ با اتفاق مفتی محمد یوسف تاؤلی کو نئے ناظم تعلیمات کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شوریٰ کے اجلاس میں مرکزی حکومت کے ذریعہ اچانک بڑے نوٹوں پر پابندی کے بعد ملک میں آئے اقتصادی بحران اور ادارہ کی وقتی ضروریات کی تکمیل کے سلسلہ میں باہمی گفت و شنید کی گئی وہیں مسلم پرسنل لاء کے تحفظ اور آج سپریم کورٹ سے آنے والے فیصلہ کے بابت بھی اراکین شوریٰ نے گفتگو کی۔ اجلاس کی صدارت مولانا اشتیاق احمد مظفر پوری نے کی ۔ دوروزہ اجلاس میں سابق مہتمم مولانا غلام محمد وستانوی، مولانا عبدالعلیم فاروقی ، مولانا ملک محمد ابراہیم،مولانا مفتی احمد خان پوری ،حکیم کلیم اللہ ، مولانا رحمت اللہ کشمیری ،مولانا مفتی محمد اسماعیل مالیگاؤں ، مولانا انوار الرحمن بجنوری، مولانا سعید احمد پالنپوری اور مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند نے شرکت کی۔