اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: ایک عظیم انقلاب ...

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 14 December 2016

ایک عظیم انقلاب ...

ازقلم: عبدالوہاب چشتی قاسمی ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ چھٹی صدی عیسوی پوری دنیاں کی تاریخ خاص طور پر جزیرۃالعرب کی تاریخ کا سب سے تاریک اوربدترین دور تھا ،ہر طرف شرور وفتن، قتل وغارت گری، بچّوں کو زندہ درگور کرنا، دغاو فریب، مے نوشی و زناکاری، چھوٹی چھوٹی باتوں پر بحث، اور اس بحث کے نتیجے میں طویل خون ریز جنگ، الغرض پوری انسانیت جہالت و ناخواندگی کے مہیب سایہ میں تھی،پوری انسانیت خود کے راستے پر چل پڑی تھی. زندگی کا پہیہ گھوم تو رہا تھا مگر غلط رخ پر،اس گاڑی کے سوار زندہ تو تھے مگر زندہ لاش،انسان اپنے خالق و مالک کو بھو ل چکا تھا، اُن میں بھلائی اور برائی میں بھی تمیز کرنے کی صلاحیت باقی نہیں تھی، تلاشِ حق کا جذبہ رکھنے والے چند نفوسِ قدسیہ باقی رہ گئے تھے جو اُنگلیوں پر گنے جا سکتے تھے، جن کی حیثییت برسات کی اندھیری اور ٹھٹھری ہوئی رات میں جگنوؤں سے زیادہ نہ تھی جو نہ کسی گم گشتہ کو راہ دکھا سکتے تھے نہ کسی کو گرمی وحرارت پہنچا سکتے تھے، یہی صورتِ حال تھی جزیرۃالعرب کی اور تقریباً پورے عالم کی؛ اسی ماحول اور اسی صورتِ حال میں آپﷺ تشریف لائے اور جاہلیت کے مشرکانہ اور بت پرستانہ اور انسانیت کے اس تباہ کُن اور مُہلک ملبہ کو اس طرح ڈھیرکردیا کہ پوری دنیاں حیران وششدر رہ گئی. آپﷺ کا سب سے بڑا اور عظیم کارنا مہ یہ ہے ایک مختصر مدّت میں پوری دنیاں کی کایہ پلٹ دی،زندگی کے پہیئے کو صحیح رُخ پرموڑدیا، اس گاڑی کے سواروں کی زندگی میں ایمان و یقین کی روح پھونک دی،کُفر والحاد، شرک و بُت پرستی کے بادل چھٹنے لگے،زندگی کی رُت بدل گئی،نِگاہ کے زاویئے بدل گئے،خیالات کی رو بدل گئی ،ناپ وتول کے پیمانے بدل گئے، اخلاق و کِردار بدل گئے، لوگوں کی فکر بدل گئی، زندگی گُذارنے کے سلیقے بدل گئے، بیع و شِراء کے طریقے بدل گئے، الغرض مدرسہ سے لیکر میخانہ تک،مسجد سے لیکر بازار تک،گھر سے لیکر باہر تک ،دیہات سے لیکر شہر تک،صرف ایک ہی رنگ دکھا ئی دینے لگا ،آپﷺ کی تعلیم وتربیت کارنگ، خلاصہ یہ کہ آپﷺ نے ،انسان کو خدا کے حوالے کردیا، اور خدا کی چوکھٹ پر انسان کو لادیا.