® محمد عاصم اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 5/فروری 2017) عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے ایک مرتبہ پھر تبلیغی جماعت کے ذمہ دارمولانا سعد کاندھلوی کے حوالہ سے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے مولانا سعد کاندھلوی کے رجوع کومشروط طورپر قبول کرلیاہے۔ دارالعلوم دیوبند کے لیٹر ہیڈ پر میڈیا میں مولانا سعد کاندھلوی کے حوالہ سے آئے موقف میں دارالعلوم دیوبند نے صاف کہاکہ مولانا سعد صاحب کی طرف سے رجوع کے نام پر ایک تحریر موصول ہوئی تھی جس پر اطمینان نہیں ہوسکا تھا مگر اب مولانا سعد کی طرف سے ۱۰؍ ربیع الثانی ھ کو رجوع کے سلسلہ میں ایک نئی تحریر موصول ہوئی ہے ،جس کے تمام مشمولات اور تفصیلات سے اگرچہ سے اتفاق نہیں کیا جاسکتا،لیکن اس تحریر میں مولانا نے فی الجملہ اپنے ان بیانات سے رجوع کیا ہے جن کا ذکر دارالعلوم دیوبند کے موقف میں کیاگیا تھا اور آئندہ ان کااعادہ نہ کرنے کاوعدہ کیاہے۔ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے واضح کیاگیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند نے مولانا محمد سعد کی جن قابل اشکال باتوں کے سلسلہ میں اپنا متفقہ موقف ظاہر کیا تھاوہ موقف اپنی جگہ پر قائم ہے ،دارالعلوم دیوبند نے اپنا متفقہ موقف واپس نہیں لیاہے اور ان افکار و نظریات جن کا ذکر متفقہ موقف میں کیاگیا ہے ،دارالعلوم بہر حال غلط اور ناقابل قبول سمجھتا ہے اور ان تمام غلط باتوں پر جن کی نشاندہی متفقہ موقف میں کی گئی ہے ،جماعت کی ہر سطح پر قدغن لگان ضروری سمجھتاہے۔ لیکن مولانا سعد نے اپنی تحریر میں چونکہ فی الجملہ رجوع کرتے ہوئے آئندہ ان باتوں سے پرہیز کرنے کی یقینی دہانی کرائی ہے ،اس لیے اس پر اعتماد کرتے ہوئے ہم توقع کرتے ہیں کہ مولانا آئندہ ایسی باتوں سے مکمل احتیاط برتیں گے جو علمائے راسخین کے نزدیک قابل گرفت ہوسکتی ہوں۔ اسی کے ساتھ مولانا محمد سعد کو بطور خاص اس امر کی طرف متوجہ کیا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے سلسلہ میں ان کے بیانات صرف مرجوع تفسیر کی حیثیت نہیں رکھتے،بلکہ وہ یقینی طورپر غلط ہیں اور جلیل القدر پیغمبر حضرت موسیٰ علیہ السلام کی شان اقدس کے منافی ہیں اسلئے اس مسئلہ میں مولانا کو اپنے تمام بیانات کی بلا تاویل تردید کرنی چاہئے۔ دارالعلوم دیوبند کے موقف پر دارالافتاء دارالعلوم دیوبند کی مہر کے ساتھ جملہ مفتیان کرام کے علاوہ مفتی ابوالقاسم نعمانی، مولانا سید ارشد مدنی،مفتی سعید پالنپوی، قاری محمد عثمان منصورپوری،علامہ قمر الدین،مولانا حبیب الرحمن اعظمی وغیرہ کے دستخط ہیں.