® محمد عاصم اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 3/مارچ 2017) دارالعلوم وقف دیوبند کی مرکزی انجمن بزم حجۃ الاسلام کا عظیم الشان اختتامی اجلاس عام ادارہ کی وسیع دارالحدیث میں نبیرہ حکیم الاسلام حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی زیر صدارت منعقد کیا گیا.جبکہ نظامت کے فرائض بزم کے ناظم عبد الماجد رحمانی ارریاوی نے انجام دیے. ادارے کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں میں تمام حاضرین طلبہ کو محنت ومستعدی اور شوق و جذبہ کے ساتھ اپنے شب و روز کے تمام اوقات کو تعلیم تعلم میں صرف کرنے کی تاکید فرمائی مزید فرمایا کہ اسلام کی صحیح اور مثبت تعلیمات کو برادران وطن اور پورے عالم میں عام کرنے کے لئے زبان و قلم اور تقریر و تحریر کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے. اسلئے دینی علوم پر مکمل دسترس کے ساتھ زبان و قلم کے میدان میں بھی آگے آنا ہوگا. اس کے بغیر ہم اسلام کی ترجمانی کا بھر پور حق ادا نہیں کر سکتے.
واضح رہے کہ پروگرام میں خصوصی خطاب کرتے ہوے جناب مولانا سید سلمان حسینی ندوی صاحب نے فرمایا کہ اسلام ایک عالمی اور آفاقی مذہب ہے. جو محض نظریات وعقائد کا نام نہیں ہے اسلئے یہ عملی اور حسی وجود کا تقاضہ کرتا ہے. آپ نے مطالعہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ آج بہت سے مشکلات اور اعتراضات صرف اس لئے پیدا ہو رہے ہیں کہ ہم اسلام کی حقیقی روح اس کے آفاقی نظام اور دائمی پیغام سے لوگوں کو واقف نہیں کراسکے اور اس کمی کا بنیادی علاج کثرت مطالعہ اور علم کی گہرائی وگیرائی ہے.
بزم کے تحت منعقد کئے جانے والے ششماہی اور سالانہ مسابقہ خطابت وصحافت میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والوں کو گراں قدر انعامات اور سند خصوصی سے نوازا گیا، پروگرام کے خصوصی شرکاء جناب مولانا محمد شکیب قاسمی صاحب, جناب مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب, جناب مولانا قاری محمد واصف صاحب, مولانا حسنین ارشد صاحب، جناب مولانا اظہارالحق صاحب, جناب مولانا جمشید عادل صاحب، جناب مفتی سجاد قاسمی صاحب اور دیگر اساتذہ کرام نے شرکت فرماکر طلبہ کی حوصلہ افزائی کی.
پروگرام کو کامیاب بنانے میں محمد سالم، محمد شمائل، محمد ارشد، محمد عمار، محمد زبیر، محمد مجاہد، افتخار، محمد مدثر، محمدعاصم اعظمی، محمد اسعد، محمد اشتیاق، محمد شہادت، محمد محسن اور تمام اراکین نے اپنا پر خلوص تعاون پیش کیا. اخیر میں بزم کے ناظم عبد الماجد رحمانی ارریاوی نے جملہ اساتذہ کرام ,مہمانان عظام اور جمیع حاضرین کا شکریہ ادا کیا.