رپورٹ: ثاقب اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی(آئی این اے نیوز 7/جون 2017) الجمعیۃ بکڈپو جمعیۃ بلڈنگ بلی ماران دہلی میں تراویح میں قرآن مکمل ہونے پر عظمت قرآن سے متعلق ایک اجلاس منعقدا ہوا، جس کی صدارت مولانا عبدالسبحان صاحب صدر جمعیۃ علماء چاندنی چوک نے کی، اجلاس میں کئی اہم علماء اور علاقے کے عمائدین شریک ہوئے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر اور الجمعیۃ بکڈپو کے ذِمہ دار مولانا ضیاء اللہ قاسمی نے کہا کہ قرآن کریم بلاواسطہ اللہ کا کلام، اس کی صفت اور نور ہے، اسے سننا اور پڑھنا دونوں عبادت ہے.
انھوں نے کہا کہ رمضان میں اس کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے کیو ں کہ رمضان المبارک اور قرآن کا کافی گہرا رشتہ ہے، اللہ تعالے نے قرآن پاک کی وجہ سے رمضان کو شرف بخشا ہے، اس لیے روزہ کے بعد اس مہینے میں تلاوت یا سماعت قرآن سب سے اہم عبادت ہے، انھوں نے مولانا زبیر امام گلی چابک سوار پرانی دہلی کے برادر خورد کے ذریعہ یہاں قرآن مکمل سنانے پر مبارکباد دی ۔
قاری محمد عارف امام و خطیب نرسری مسجد دہلی گیٹ نے اپنے خطاب میں قرآن سے رشتہ رکھنے کو نیکی اور دور رہنے کو ذلت و پسماندگی بتایا، مولانا افروز عالم قاسمی نائب امام لال مسجد پنجابی پھاٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ جس کو تھوڑا بھی قرآن میں سے یاد نہیں ہے، اس کا دل ایک ویران گھر کی طرح ہے.
مولانا عبدالسبحان قاسمی نے کہا کہ قرآن سے نسبت رکھنے سے اللہ عزت و سرفرازی سے نوازتا ہے، ان کے علاوہ دیگر خطاب کرنے والوں میں مولانا جاوید صدیقی قاسمی ناظم اعلی جمعیۃ علماء صوبہ دہلی، ڈاکٹر فہیم بیگ، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی وغیرہ کے نام قابل ذکرہیں.
ان مذکورہ علماء کے علاوہ دیگر شرکاء میں سید شاہد حسین بارہ ہند راؤ، حاجی محمد یوسف نبی کریم، بھائی اسلام الدین نبی کریم، قاری احرارمصطفے آباد، مفتی عالمگیردہلی، وسیم صدیقی ایڈیٹر الامان، حافظ محمد شمیم مدرسہ حسین بخش، بھائی گلزار سماجی کارکن، مولانا قاسم نوری، حافظ محمد افضل الجمعیۃ بکڈپو اوردفتر جمعیۃ علماء ہند سے، مولانا نجیب اللہ قاسمی، الحاج محمد مبشر، عادل نصیر، الحاج محمد عارف ،ڈاکٹر ابومسعود وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔