اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعــلوم میں داخلہ کی کارروائی مکمــل، دورہ حدیــث شریـف کیلئے 862 جدیــد طــلبہ کا انتـــخـاب!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 20 July 2017

دارالعــلوم میں داخلہ کی کارروائی مکمــل، دورہ حدیــث شریـف کیلئے 862 جدیــد طــلبہ کا انتـــخـاب!


رپورٹ:سمیر چودھری
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 20/جولائی 2017) ازہر ہند دارالعلوم دیوبند میں کل دورہ حدیث شریف کے بمپر رزلٹ کے بعد طلباء کے چہروں پر خوشی و شادمانی کی لکیریں صاف محسوس کی جارہی ہیں، کیونکہ مجلس تعلیمی کے فیصلے نے جہاں ابتدائی درجات کے طلباء کو مایوس کرتے ہوئے کافی کم تعداد میں داخلہ دیا تھا وہیں منظر عام پر آئے دورہ حدیث شریف کے لئے ساڑھے آٹھ سو زائد جدید طلباء کو داخلے دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، دورہ حدیث شریف کے امتحان میں تقریباً چار ہزار طلباء نے شرکت کی، جس میں پہلے ہی مرحلہ میں مشکوٰة شریف کے پرچہ کے بعد تقریباً ڈھائی ہزار طلباء دوڑ سے باہر ہوگئے تھے، جس کے بعد بقیہ امتحانات میں شرکت کرنے والے تقریباً چودہ سو طلباءمیں سے دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 862 طلباء کو داخلہ کا اہل پایا ہے، حالانکہ ان میں تقریباً دو سو طلباء کے نام غیر امداد داخلے کے طور پر شامل کئے گئے ہیں، دیر رات منظر عام پر آئے دورہ حدیث کے نتیجے کو دیکھنے کے لئے دفتر تعلیمات کے احاطہ میں رات سے ہی طلباء کا ہجوم دیکھا گیا اور نتائج کے بعد طلباء کے چہروں پر شادمانی و اطمینان کی لکیریں صاف محسوس کی جارہی تھی، کیونکہ علم دین حاصل کرنے والے طلباء کی مادر علمی میں داخلہ کی دیرینہ خواہش ہوتی اور اس عالمی ادارے میں طلباء اپنے داخلہ کو خوش بختی اور سعادتمندی سے تعبیر کرتے ہیں.
گزشتہ روزمنظر عام پر آئے ہفتم کے نتیجے کے مطابق 257 طلباء کو داخلہ کا اہل قرار دیا گیا ہے، حسب سابق دارالعلوم دیوبند میں داخلہ امتحان کی کارروائی گزشتہ 2 شوال سے جاری تھی اور اب تکمیل تک پہنچ چکی ہے، اول تا ششم کے امتحان کے نتائج پہلے ہی آچکے ہیں جس میں بالترتیب اول عربی میں 48، دوم عربی میں 31، سوم عربی میں 50، چہارم میں47 پنجم میں 102 جبکہ ششم عربی میں 146 طلباء کو داخلہ دیا گیا تھا، دورہ حدیث کے نتیجہ کے ساتھ ساتھ اول تا دورہ حدیث شریف تک کے داخلوں کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے، قائم مقام ناظم داخلہ امتحان مفتی عثمان غنی کے مطابق کے دارالعلوم دیوبند میں گزشتہ 2 شوال سے کئی مراحلہ میں سخت نگرانی کے درمیان داخلہ امتحانات ہوئے، جن کے نتائج سلسلہ وار طریقہ سے منظر عام پرآچکے ہیں.
انہوں نے بتایا کہ دورہ حدیث شریف کے نتیجہ کے بعدتحریر ی امتحان کی کارروائی مکمل ہوگئی مگر ابھی داخلہ کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ دارالعلوم وقف دیوبند میں گزشتہ تین روز قبل ہی داخلہ کارروائی مکمل کرلی گئی تھی، جہاں کل ڈیڑھ ہزار جدید طلباء کو داخلہ گیاہے۔ ادھر جی ٹی روڈ پر واقع دارالعلوم دیوبند زکریا دیوبند کے دروازے ابھی بھی طلباء کے لئے کھلے ہیں اور ادارہ کی انتظامیہ نے 26 شوال تک طلباء کو داخلہ کا آخری موقع دینے کافیصلہ کیا ہے، ادارہ کے مہتمم مفتی شریف خان قاسمی نے بتایا کہ ادارہ میں ابھی تک کل تقریباً 18 سو داخلے ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی وجہ سے دارالعلوم میں نام نہ آنے والے طلباء کو مایوس ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کیونکہ دارالعلوم زکریا نے آج(جمعرات) کو طلباء کو داخلہ کا آخری موقع دیا ہے، بشرطیکہ طالبعلم نے ادارہ میں پہلے سے فارم داخلہ جمع کر رکھا ہو، جامعة االشیخ حسین احمد مدنی میں تمام جماعتوں میں کل تقریباً 12 سو طلباء کو داخلہ دیا گیا ہے، مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی نے بتایا کہ دورہ تک کی داخلہ کارروائی مکمل ہوچکی ہے جبکہ ادب اور افتاء میں داخلے ابھی بھی جاری ہیں، علاوہ ازیں دیگر دینی اداروں میں داخلہ کی کارروائی کی تکمیل کے بعد باقاعدہ طورپر تعلیمی سیشن کا آغاز ہوگیا۔