رپورٹ: محمد عاصم اعظمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند (آئی این اے نیوز 19/جولائی 2017) عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں تعلیمی سال نو کا آغاز بخاری شریف کے افتتاحی درس سے ہوا، اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبندکے شیخ الحدیث مولانا احمد خضر شاہ نے طلبہ کو بخاری شریف کا پہلا درس دیتے ہوئے بخاری شریف اور امام بخاری کی عظمت اور جلالتِ شان پر تفصیلی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ حضور کا ہر قول ہمارے لئے حجت ہے، اس لئے کہ آپ کا ہر عمل قرآن کا عملی نمونہ اور اس کی عملی تفسیر ہے۔ آپ کے اقوال و افعال پر عمل اور پیروی میں ہی دارین کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں علم نبوی حاصل کرنے آئے ہیں، اس کے لئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ سنت نبوی کو مضبوطی سے تھام لیں اور اپنی زندگی کو سنت نبوی کے سانچے میں ڈھالیں ۔ اس علم کے حصول اور اس درسگاہ کے لئے آپ کا انتخاب یہ سب منجانب اللہ ہے اور یہ عند اللہ آپ کی مقبولیت کی واضح اور بین علامت ہے۔ اس لئے کہ حدیث میں آتا ہے کہ حق تعالیٰ نے اس کائنات کے بنانے سے بہت پہلے لوگوں کی تقدیریں لکھ دی تھیں، اس پر صحابہ کرامؓ کے سوال کے جواب میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ حق تعالیٰ نے جس انسان کے لئے جس طرح کا فیصلہ فرماتا ہے اسے اسی طرح کے کاموں میں لگا دیتے ہیں، آپ کا یہاں آنا گویا عنداللہ آپ اس علم کے حصول کے لئے منتخب ہیں۔.
انہوں نے کہا کہ بخاری شریف نہ صرف حدیث کی ایک کتاب ہے بلکہ یہ علوم کا سمندر ہے۔ اس میں فقہی مسائل کا بھی بیان ہے،آیات قرآنیہ اور ان کی تفاسیر بھی موجود ہے، سیر و مغازی کے واقعات بھی جمع ہیں اور پھر تصوف وسلوک کا بھی ذکر ہے اور پھر عظیم الشان ترجمة الباب سے امام بخاری کی ذکاوت و ذہانت اور فراست بھی عیاں ہے جنہوں نے نہایت طہارت و پاکیزگی کے اہتمام کے ساتھ اس کتاب میں احادیث جمع فرمائیں، جس کی بنا پر اللہ تعالیٰ نے بخاری شریف کو عظیم الشان مقبولت عطا فرمائی اور آج تک اسے وہی مقبولیت حاصل ہے۔ کتاب اللہ کے بعد واحد یہ ایک ایسی کتاب ہے جسے مکمل جوف کعبہ میں پڑھا گیا انہوں نے کہا کہ آپ کی سیرت میں تمام نظام حیات موجود ہیں اور پھر اس کتاب میں وہ تمام احادیث جمع ہیں جن کا تعلق انسان کی انفرادی زندگی سے بھی ہے، اجتماعی زندگی سے بھی، داخلی زندگی سے بھی، خارجی زندگی سے بھی ہے بلکہ اس میں تمام شعبہ ہائے حیات اور بین الاقوامی نظام موجود ہے۔ اس کتاب کو اسی انداز میں پڑھنے کی ضرورت ہے۔ آپ کو امت کی قیادت کرنی ہے، اس لئے آپ کو زندگی کے تمام مسائل کا حل اور جملہ نظامہائے حیات کے طریقہ کار کو ان ہی احادیث میں تلاش کرنا ہے، اس لئے اب آپ اپنی تمام توجہات کا مرکز حصول علم کو بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نسبت قاسمی کے حصول کے لئے یہاں آئے ہیں، اس نسبت کی لاج رکھیں، کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے اس نسبت پر حرف آئے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہا آج انتہائی سعادت کا موقع ہے، آپ حضرات کا اس عظیم ادارے کے لئے انتخاب بارگاہِ ایزدی مےمیں سجدہ شکر کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس علم کو حاصل کرنے آپ یہاں آئے ہیں یہ اکابر و اسلاف کی محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے جو آپ سے بھی محنت و جانفشانی کا مطالبہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احادیث کے یہ ذخائر اور علمی مجموعے اکابر کی محنت، مشقت اور جدوجہد کی آئینہ دار ہے۔ احادیث کے مجموعے میں سب سے زیادہ احادیث حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی جاتی ہیں۔ انہوں نے خصوصاً اور دیگر صحابہ کرامؓ نے اس کے لئے جو قربانیاں پیش کیں وہ تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف سے درج ہیں اور پھر آج تک جتنے محدثین گذرے ان کے احوال اور زندگی کا مطالعہ کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اب تک کوئی ایسا فرد نہیں گذرا جنہوں نے اس علم کے لئے اپنی قربانیاں نہ پیش کی ہوں، آپ اپنے ان ہی اسلاف کے جانشین ہیں، آپ خود کو سخت محنت اور جدوجہد کے لئے تیار کیجئے۔ تب ہی کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ لایعنی مشاغل، بے شعوری، لاپرواہی اور غفلت سے کلی طور پر اجتناب کرتے ہوئے آنے والے وقت کے لئے تیار ہوں۔ دین کے داعی اور امن و سلامتی کے پیغامبر بنیں، اپنے اندر اخلاص پیدا کریں اور علم نافع کے لئے بارگاہِ ایزدی میں دعاءکے خواست گار رہیں، اسی میں آپ کی کامیابی ہے۔ اس موقع پر انگلینڈ سے تشریف لائے مولانا مفتی شبیر احمد صاحب کے علاوہ جملہ اساتذہ جامعہ موجود رہے۔