رپورٹ: مـرزا اثـمر بلریاگنج
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 7/اگست 2017) 10 اگست وہ یوم سیاہ ہے جب دستور ھند کی دفعہ 341 میں مذہبی قید لگا کر تمام غیر ہندؤوں کو اس سے استفادہ سے محروم کردیا، 77 سال سے مسلسل یہ بھید بھاؤ اور نا انصافی ہو رہی ہے، یہ دستور کی روح کے خلاف ہے، کیونکہ مذہب کی بنیاد پر شہریوں کے درمیان تفریق نہیں کی جا سکتی. پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کی جتنی ریزرو سیٹیں ہیں، وہاں سے کوئی مسلمان یا عیسائی امیدوار نہیں ہو سکتا، اسی طرح لوکل باڈیز کے الیکشن کا بھی معاملہ ہے. دفعہ 341 کے تحت تعلیمی اداروں اور ملازمتوں میں جو ریزرویشن ہے، اس سے بھی یہ محروم ہیں.
مولانا طاھـر مدنی جنرل سکریٹری راشٹریہ علماء کونسل نے کہا کہ اس زیادتی کے خلاف آواز اٹھانا بہت ضروری ہے، سپریم کورٹ میں اس بارے میں ایک رٹ بھی داخل ہے، لیکن مرکزی سرکار جواب نہیں داخل کر رہی ہے اور کیس برسوں سے التواء کا شکار ہے، مسلمانوں سے زبانی ہمدردی کا اظہار تو بہت سارے لوگ کرتے ہیں، مگر ان کے حقیقی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دیتا.
اسی لئے راشٹریہ علماء کونسل یوم سیاہ کے طور پر 10 اگست کو اپنا احتجاج درج کرائے گی اور تمام اکائیاں صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم کے نام اس بھید بھاؤ کو ختم کرنے کیلئے میمورنڈم ضلع مجسٹریٹ کو پیش کریں گی، اس کیلئے دستوری ترمیم کی بھی ضرورت نہیں ہے، بس ایک صدارتی آرڈیننس کافی ہے.
مولانا نے بتایا کہ اعظم گڑھ کا پروگرام ریکشا اسٹینڈ پر ضلع صدر حاجی شکیل احمد کی زیرصدارت ہوگا، کارکنوں سے بڑی تعداد میں 11 بجے ریکشا اسٹینڈ پہنچنے کی اپیل ہے، تمام اضلاع کے مرکزی مقام پر احتجاجی پروگرام ہوں گے.