رپورٹ: یاسین صدیقی قاسمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
کشن گنج/بہار(آئی این اے نیوز 13/اگست 2017) سیمانچل کا کشن گنج علاقہ ایک بار پھر زبردست سیلاب کی زد میں ہے، لوگوں کو سخت جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس صورتِ حال میں صوبائی و مرکزی حکومت کو فوری طور پر متاثرین کی امداد و ریلیف رسانی کے لئے سامنے آنا چاہئے، کشن گنج کے ایم پی و معروف عالم دین مولانا اسرارالحق قاسمی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنے بیان میں یہ بات کہی، قبل ازاں انہوں نے کشن گنج کے ڈی ایم سے میٹنگ کر کے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کا فوری انتظام کرنے کی ہدایت دی، اسی طرح سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو باہر نکالنے کے لئے کشتیوں کا نظم کیے جانے اور جو لوگ سیلاب میں پھنس کر جاں بحق ہوگئے ہیں، ان کے لئے فوری معاوضے کا اعلان کیے جانے کی بھی ہدایت دی۔
مولانا قاسمی نے کہا کہ سیمانچل کے علاقے میں یہ گزشتہ سالوں سے بھی بدترین قدرتی آفت ہے، علاقے کے عوام ایک طرف سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ دوسری طرف بارش کی کثرت کی وجہ سے بھی ان کی زندگی دوبھر ہوگئی ہے، ایسے ناگفتہ ماحول میں حکومت کو فوری طور پر توجہ دینا چاہیے اور سیمانچل کے لئے خصوصی امداد اور ریلیف جاری کیا جانا چاہئے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں نیپال کی جانب سے تیستا ندی میں زبردست مقدار میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے پوراسیمانچل سیلاب میں ڈوب چکا ہے اور عوام سخت کشمکش کی حالت میں زندگی بسر کرنے پر مجبورہیں، اب تک نہ صرف لوگوں کا لاکھوں کا مالی نقصان ہوا ہے بلکہ کئی اموات بھی ہوچکی ہیں۔
کشن گنج کے ایم پی مولانا اسرارالحق قاسمی نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہنگامی جائزہ لے کر امداد و راحت رسانی کے فوری انتظام کیے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے ریاستی و مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس خطرناک صورتِ حال پر قابو پانے کے لئے جلد از جلد مؤثر قدم اٹھائیں جائیں۔