ازقلم: مفتی محمــد ثاقـب قاسـمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اسلام سے قبل دنیا ظلمت وتاریکی کے دور سے گزر رہی تھی، ہر طرف ظلم وزیادتی کا سماں تھا، کبھی رنگ ونسل کے نام پر، کبھی زبان وتہذیب کے عنوان سے اور کبھی وطنیت وقومیت کی آڑ میں انسانیت کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے جاتے تھے، بطور خاص عورتوں پر ظلم وزیادتی کے پہاڑ توڑے جارہے تھے، انکی پیدائش کو معیوب سمجھا جاتا تھا، انکو زمین میں زندہ درگور کردیا جاتا تھا، انکی کوئی عزت اور قدر وقیمت نہ تھی، جب اسلام آیا تو انکو ایک مقام ملا انکی عزت کی جانے لگی، اگر وہ ماں ہے تو انکے قدموں کے نیچے جنت بتایا گیا اور اگر وہ بیٹی ہے تو اسکو رحمت کہا گیا، اسلام کے آنے کے بعد ہی دنیا نے حق وباطل کے فرق کو پہچانا.
اسلام امن وسلامتی، اخوت وبھائی چارگی، محبت ورواداری اور انسانی دوستی کا پیغام دیتا ہے، اسلام ایک مکمل نظام حیات کا نام ہے اسلئے وہ اپنے متبعین کو ایک کامل دستور اور سسٹم عطا کرتا ہے، جو زندگی کے ہرموڑ پر انسان کی رہنمائی کرتا ہے، اسلام ہی ایک ایسا دین ہے جو انسانی زندگی کے اعتقادی، فکری، اخلاقی اور عملی تمام پہلوؤں کو اپنی آغوش میں لئے ہوئے ہے، اس بات میں ذرہ برابر بھی شک نہیں ہے کہ اسلام خود بھی امن وسلامتی والا دین ہے اور دوسروں کو بھی امن وعافیت کے ساتھ رہنے کہ تلقین کرتا ہے، اسکی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ اللہ رب العزت نے اپنے بھیجے ہوئے دین کا نام ہی اسلام پسند کیا ہے اسلام کے معنی ہی سلامتی اور امن وامان کے آتے ہیں، ارشاد باری تعالی ہے ان الدین عند اللہ الاسلام (کہ اللہ رب العزت کے نذدیک معتبر دین تو دین اسلام ہی ہے)
انسانیت کی بھلائی اور بہتری کیلئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اعلی کردار اور اعلی اخلاق کا جو عملی نمونہ پیش کیا ہے اگر ہم سب مل کر اسکو مضبوطی سے تھام لیں اور اسکے مطابق زندگی گزارنے لگ جائیں تو دونوں جہاں کی کامیابی وکامرانی ہمارے قدم چومے گی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اگر ہم ان پر عمل پیرا ہوجائیں تو آج کا ہمارا بگڑا ہوا اور گندہ معاشرہ خوش گوار بن جائے گا.