رپورٹ: محمد شاداب اعظمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نظام آباد/اعظم گڑھ(آئی این اے نیوز 16/اگست 2017) مدرسہ منبع العلوم نظام آباد ضلع اعظم گڑھ میں مادر وطن باغ عدن اپنے عظیم ملک ہندوستان کا 71واں جشن آزادی منایا گیا، جس کی صدارت مدرسہ ہذا کے ناظم اعلی الحاج بدالدین صاحب دامت برکاتہم ونظامت حضرت مولانا وسیم اکرم قاسمی ابراہیم پوری نے فرمائی.
واضح ہو کہ حضرت ناظم اعلی صاحب دامت برکاتہم کے بدست ہی پروگرام سے قبل پرچم کشائی کا عمل بھی معرض وجود میں آیا اور ساتھ میں طلبہ عزیز نے قومی ترانہ (جو شاعر مشرق علامہ اقبال صاحب نوراللہ مرقدہ کا ترتیب دادہ ہے) پیش کیا.
بعدازاں باضابطہ طور پر پروگرام کا آغاز قاری خوش الحان مولانا محمد اطہر صاحب قاسمی خیرآبادی کی دلنشیں تلاوت سے ہوا، جبکہ ماسٹر سیف الرحمن صاحب ادروی نے اپنی دل آویز و دلکش آواز میں چند اشعار حمد و نعت کے پیش کئے، جس سے سارا مجمع بحمداللہ تعالی کشت زعفران بن گیا، اثنائے پروگرام متعددطلبہ نے نعت، نظم، مکالمے، اور جنگ آزادی میں شریک کار مجاہدین آزادی کے حسین کارناموں کے عنوان پہ نہایت ہی عمدہ اور لاجواب تقاریر پیش کیں.
اخیر میں حضرت مولانا شفاء الحق صاحب قاسمی خیرآبادی کے مختصر مگر جامع بیان کے بعد استاذ محترم خطیب باکمال رئیس المناظرین حضرت مولانا محمد شمیم صاحب حنفی قاسمی ابرہیم پوری نے مجاہدین آزادی مثلا ٹیپو سلطان شہید رح، مولانا شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی، حضرت مولانا قاسم صاحب نانوتوی، قطب عالم مولانا رشید احمد گنگوہی، مہاجر مکی حاجی امداد اللہ صاحب، مولانا ضامن شہید صاحب، شیخ الہند مولانا محمود حسن صاحب دیوبندی، مولانا حسین احمد مدنی، مولانا گل عزیز پشاوری، مولانا حسرت علی موہانی، علامہ فضل حق خیرآبادی، اشفاق اللہ خان صاحب، مولانا عبیداللہ سندھی ودیگر برادران وطن منجملہ مہاتماگاندھی، جوہر لال نہرو، سباش چندربوس کی جانفشانی اور حصول آزادی کے تئیں ان کی ناقابل فراموش مساعی و خدمات جلیلہ کو نہایت ہی بسط و تفصیل کے ساتھ کم و بیش ایک گھنٹہ تک بیان کیا اور جنگ آزادی کی مکمل ہسٹری بانداز ایجاز انتہائی خوش اسلوبی سے بیان فرمائی بعدہ حضرت والا نے ہندوستان کے سیکولر نظام اور جمہوری قانون کو ملک کی اقلیت اور اکثریت کیلئے اللہ رب العزت کی بہت بڑی نعمت قرار دیا، اخیر میں حضرت الاستاذ دامت برکاتہم کی مقبول و مستجاب دعا ہی پر پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا.