رپورٹ: عظیم اللہ صدیقی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
کشن گنج(آئی این اے نیوز 10/ستمبر 2017) بہار سیلاب زدگان کے لیے وسیع پیمانہ پر راحت رسانی کے لیے کام کرنے والی تنظیم جمعیت علماء ہند کے ایک وفد نے مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیت علماء ہند کی سربراہی میں کشن گنج ضلع کلکٹر پنکج دکشت اور ایس پی راجیش مشرا سے ملاقات کیا، مسٹر دکشت سے وفد نے بتایا کہ ہم نے ضلع کے 67 گاؤں میں ضرورت مندوں کے درمیان راحتی اشیاء تقسیم کی ہے اور ہماری تنظیم نے منصوبہ بنایا ہے کہ ضلع میں اور اس کے ساتھ ریاست بہار سیلاب متاثرہ دیگر اضلاع میں جو لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور کھلے آسمان زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ہم ان کی بازآباد کاری کا کام کریں گے ۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے اس موقع پر جمعیۃ کے امدادی کاموں کی سرسری تفصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مصیبت کی اس گھری میں متاثرین کی تکالیف کا شدید احساس کرتے ہوئے جنگی پیمانے پر امدادی کاموں کے لیے ہدایات دی ہیں، جس کے بعد حالیہ سیلاب کی تباہ کاری کے دوران لگ بھگ ایک ماہ سے جمعیۃ رفاہی اور امدادی کاموں میں لگی ہوئی ہے، نامساعد حالات اور سیلاب کی وجہ سے نقل و حمل کے تمام وسائل مسدود ہونے کے باوجود جمعیۃ کے رضا کار متاثرین تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، ایک اندازہ کے مطابق ریاستی سطح پر جمعیۃ علماء ہند نے اب تک ایک کروڑ سے زائد کا امدادی سامان تقسیم کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کی بازآباد کاری کے موضوع پر کشن گنج کے کلکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ جہاں تک ممکن ہوگا ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہرطرح کا تعاون کیا جائے گا۔
دریں اثناء جمعیۃ کی جانب سے سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے کا عمل جنگی پیمانے پر جاری ہے، کل ہی امدادی اور راحتی اشیاء سے بھرا ایک ٹرک دہلی سے کشن گنج پہنچا ہے، اس کے علاوہ بنارس، اعظم گڑھ، مئو سے نئی ساڑیوں اور سلطان پور سے چاول سے بھرا ٹرک متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ ہو چکا ہے، نیز کھرگون سے جمعیت علماء کا ایک وفد یہاں پہنچا ہے اور وہاں سے ایک ٹرک سامان بھی آیا ہے، جسے تقسیم کے لیے اعظم نگر کٹیہار بھیجا گیا ہے۔
جمعیۃ علماء کے اس وفد میں سربراہ کے علاوہ مولانا مفتی جاوید اقبال قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بہار،مولانا غیاث الدین صدر جمعیت علماء کشن گنج، مولانا خالد انور سکریٹری جمعیت علماء کشن گنج شریک تھے
دیر شام جمعیتہ علماء کے وفد نے ضلع ارریہ کے ڈی ایم مسٹر ہمنشو شرما سے بھی ملاقات کی، اور ڈی ایم صاحب سے مولانا حکیم الدین صاحب سکریٹری جمعیتہ علماء ہند دہلی نے جمعیتہ کی کارکردگی کو سامنے رکھا اور آگے کے لئے لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوئی، اس وفد میں مذکورہ شخصیات کے علاوہ قاری نوشاد عادل آرگنائزر جمعیت علماء ہند اور مولانا حدیث اللہ نائب صدر جمعیت علماء ارریہ بھی شریک تھے.