اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: انڈین یونین مسلم لیگ دہلی یونٹ کی جانب سے منعقدہ میٹنگ میں نئی حج پالیسی کی مخالفت!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Monday, 16 October 2017

انڈین یونین مسلم لیگ دہلی یونٹ کی جانب سے منعقدہ میٹنگ میں نئی حج پالیسی کی مخالفت!


رپورٹ: ذاکر حسین
ــــــــــــــــــــــــــــــ
نئی دہلی (آئی این اے نیوز 16/اکتوبر2017) انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے گزشتہ روزقومی راجدھانی دہلی کے اوکھلا میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ دہلی کے صوبائی صدر مولانا نثار احمد حسینی نقشبندی نے کہا کہ نئی حج پالیسی شرعی اصولوں کے سراسر خلاف ہے، اگر خواتین نئی حج پالیسی پر عمل کرتے ہوئے محرم کو ساتھ لئے بغیر حج پر جائیں گی تو ان کا حج شرعی اصولوں کی وجہ سے خطرے میں پڑے گا اور قوی امکان ہے کہ ان کا حج نہ ہو۔
مولانا نثار نے مزید کہا کہ نئی حج پالیسی کے نفاذ سے قبل مرکزی حکومت اور وزارت حج کو اس سلسلے میں علماء کرام سے مشورے اور ان کی رائے لینی چاہیئے تھی لیکن نئی حج پالیسی کے نافذ ہونے سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ حکومت نے اس معاملے میں کسی بھی علماء کرام سے مشورہ لینے کی زحمت نہیں کی، مولانا نثار نے حج پالیسی میں ترمیم کو حکومت کی مسلم مخالف پالیسی کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت مسلمانوں کے دیگر سلگتے اور سنجیدہ مسائل پرتوجہ مرکوز کرنے کے بجائے مسلسل مسلمانوں کے شرعی معاملات میں مداخلت کر رہی ہے جو کہ ایک جمہوری ملک کی حکومت کیلئے بالکل غیر مناسب ہے، مسلم لیگ لیڈر نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نئی حج پالیسی کے منفی اثرات پر غور و فکر کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو واپس لے، کیونکہ حکومت کا یہ فیصلہ سعودی عربیہ کے قانون کیلئے بالکل ناقابلِ قبول ہوگا اور نتیجے کے طور پر خواتین کو حج جیسے فریضہ سے محروم ہونا پڑسکتا ہے ۔
مولانا نثار نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ خواتین بھی نئی حج پالیسی کی مخالفت کریں، کیونکہ نئی حج پالیسی کے باعث خواتین کو حج کا فریضہ اداد کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا، میٹنگ سے مسلم لیگ دہلی کے سیکریٹری شیخ فیصل حسن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے نئی حج پالیسی کو شرعی اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ نئی حج پالیسی مرکزی حکومت کی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے اور حکومت کے اس نئے فرمان سے صاف پتہ چلتا ہیکہ حکومت مسلمانوں کے شرعی معاملات میں مداخلت کرکے مسلمانوں کے دیگر مسائل پر پردہ ڈالنا چاہتی ہے، لیکن ہم حکومت کے منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، میٹنگ میں مسلم لیگ دہلی کے نائب صدر معین قریشی، دہلی صوبائی جنرل سیکریٹری محمد عمران اعجاز، آصف انصاری معین الدین انصاری، مدثر الحق اور اطیب خان، سمیت دیگر پارٹی کارکنان موجود تھے.