رپورٹ: ایڈیٹر انچیف
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
سہارنپور(آئی این اے نیوز 5/اکتوبر 2017) مولانا حسین احمد مدنی مدرسہ انبہٹہ پیر میں جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے زیر انتظام تحفظ مدارس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع سہارنپور و اطراف کے تمام ہی مدارس کے منتظمین وذمہ داران حضرات نے شرکت کی، کانفرنس میں موجود ذمہ داران مدارس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید حبیب اللہ مدنی صدر جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور نے کہا کہ اس وقت ملک کی باگ ڈور ایسے افراد وعناصر کے ہاتھوں میں پہنچ چکی ہے جن کے اقوال وافعال سے اسلام اور مسلم دشمنی عیاں ہے جن کے اقتدار اعلیٰ میں اکثریت سے آجانے کی وجہ سے بظاہر ملک اور اس کے دستور کی سالمیت پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج مدارس اسلامیہ کے تئیں غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں۔
مولانا موصوف نے حکومت وقت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت مسلمانوں کے ذہن ودماغ کو منتشر کرنے کے لئے ان کے دینی اداروں کو نوٹس بھیج رہی ہے اور بطور جرمانہ موٹی رقم وصول کرنے کے دھمکی دے رہی ہے مگر اہل مدارس کو ڈرنے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے جمعیۃ علماء ہر ممکن آپ کی مدد کو تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر قانونی چارہ جوئی کے ذریعہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا، اسی کے ساتھ مولانا نے مزید کہا کہ ہمارے مدارس کو حکومتی امداد سے مکمل اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ اس کے ناقابل تلافی نقصانات دیکھنے میں آرہے ہیں۔
کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی موجود رہے مولانا سید اشہد رشیدی صدر جمعیۃ علماء اترپردیش نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے عہدوں پر بیٹھے فرقہ پرست لوگ ہمیں ڈرانے کی کوشش نہ کریں، ان کی دھمکیوں سے ہمارے پائے استقامت میں تزلزل نہیں آسکتا، اس لئے کہ ہم مولانا قاسم نانوتوی کے پیروکار ہیں کہ جنہوں نے مدارس پر بلڈوزر چلانے والوں کے سینہ پر چڑھ کر دارالعلوم دیوبند کی بنیاد ڈالی تھی، مولانا نے مزید کہا کہ حکومت کے پیدا کردہ خطرات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اس لئے کہ یہ مدارس اللہ کے دین کی نشرواشاعت کے لئے قائم کئے گئے ہیں اور اللہ تعالی خود اپنے دین کی حفاظت کرنے والے ہیں، مولانا نے مدارس کے ذمہ دار حضرات کو اس بات کی طرف خصوصی توجہ دینے کے لئے کہا کہ مدارس کو شورائی نظام کے تحت چلایا جائے اور متدین افراد کو شوری کا ممبر منتخب کریں نیز اپنے مدرسہ کا حساب وکتاب بالکل صاف شفاف رکھیں ۔
جمعیۃعلماء اترپردیش کے نائب صدر وجامعہ اسلامہ ریڑھی تاجپورہ کے مہتمم مولانا اختر قاسمی نے ذمہ داران مدارس کو اصول کی پابندی کی تلقین کی، کانفرنس میں دارالعلوم دیوبند کی نمائندگی کرتے ہوئے دارالعلوم کے مایہ ناز استاذ مولانا مفتی راشد اعظمی نے ارباب مدارس کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے مقصد کو سمجھنا ،تعلیم وتربیت کا صحیح انتظام کرنا اور مدارس کو خارجی فتنوں سے بچانے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا اہل مدارس کے لئے بہت ضروری ہے۔
کانفرنس کو جامعہ مظاہر علوم کے امین عام مولانا محمد شاہد الحسنی، جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش کے صدر مولانا ظہور احمد قاسمی، آل انڈیا ملی کونسل ضلع سہارنپور کے صدر مولانا عبدالمالک مغیثی، جامعہ احمد العلوم خانپور کے مہتمم و دارالعلوم وقف کے استاذ مفتی محمد عمران قاسمی، جامعہ کاشف العلوم چھٹمل پور کے مہتمم مولانا محمد ہاشم و مولانا حبیب اللہ قاسمی نے بھی خطاب کیا ۔
قبل ازیں کانفرنس کا آغاز ادارہ کے ایک طالب علم کی تلاوت سے ہوا، صدارت مولانا سید محمد شاہد الحسنی امین عام جامعہ مظاہر علوم نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا حبیب اللہ مدنی اور مولانا اسعد نے مشترکہ طور پر انجام دیئے ۔
دوران پروگرام مدارس کے نظم ونسق کو بہتر بنانے کے لئے جمعیۃ علماء کی جانب سے چند تجاویز پر مشتمل ایک اعلامیہ بھی تقسیم کیا گیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ادارہ کے ناظم مولانا حبیب اللہ مدنی نے سبھی شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پرمولانا قیصر ٹدولی، مولانا محمد ناظم ندوی ،مفتی شریف خاں،مولانا یوسف گنگوہی ،مولانا محمد سلمان گنگوہی ،مفتی محمد احسان رشیدی بہٹ ،مولانا صابرقاسمی ،مولانا شاہد مظاہری ،مولانا ریاض تھانوی ،مولانا عزیز اللہ ندوی ،قاری سعید احمد ،مولانا اطہر حقانی ،مفتی عطاء الرحمن جمیل ،حاجی شاہد زبیری اور ادارہ کے استاذمفتی محمد راشد مظاہری، مفتی پرویز مظاہری، مفتی عبادالرحمن قاسمی ومولانا محمد احسان قاسمی کے علاوہ ہزاروں ذمہ داران مدارس موجود رہے۔