رپورٹ: یاسین صدیقی قاسمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
کشن گنج(آئی این اے نیوز 07/اکتوبر 2017) موجودہ وقت میں مسلمانوں کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ وہ قرآن کریم کی طرف رجوع کریں اور اپنے بچوں کو اس کی تعلیم دلانے کا اہتمام کریں، ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین اور دارالعلوم بہادرگنج کے استاذ حدیث مفتی جسیم الدین قاسمی نے ضلع کشن گنج کے تاراباڑی چوک تعلیم آبادٹپو میں واقع مدرسہ صفہ میں طلباء کے تعلیمی جائزہ کے بعد منعقدہ نشست میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہاکہ اس مدرسہ کے طلباء کے تعلیمی وتربیتی جائزہ کے دوران محسوس ہوا کہ یہاں گجرات کے طرز پر قابل وتجربہ کار اساتذہ کے ذریعہ نورانی قاعدہ اجرا کے ساتھ قواعد کو یاد کرواتے ہوئے تجوید کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کا نہایت معیاری نظام ہے، اس کے علاوہ اس مدرسہ میں سنتِنبویﷺ کے مطابق طلباء کی تربیت، نماز کے فرائض و سنن اور مستحبات کو یاد کروانے اور ان کی عملی مشق کے ساتھ شب و روز کی مسنون دعائیں یاد کروانے کا بھی خاص اہتمام کیا جانا وقت کی اہم ضرورت کی تکمیل ہے۔
مفتی صاحب نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے کم عمر اور معصوم طلباء نہ صرف بہترین انداز میں تجوید کی رعایت کرتے ہوئے قرآن کی تلاوت کرتے ہیں بلکہ درجہ حفظ کے طلباء کی یادداشت بھی ٹھوس ہے، ساتھ ہی یہاں ماہانہ مسابقہ و امتحان کا بھی باقاعدہ اہتمام ہے۔
دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور مولانا نوشیر احمد نے کہاکہ قرآن پاک وہ مقدس کتاب ہے جس کو دیکھنا، سننا اور پڑھنا باعثِ اجر وثواب ہے، قرآن مجید کا کرشمہ ہے کہ وہ چھوٹے سے چھوٹے بچوں کے سینے میں بھی محفوظ ہوجاتا ہے اور اس کاحفظ کرنا آسان ہوتا ہے۔
کولکاتہ بنیاپوکھر بڑی مسجد کے نائب امام مولانا شمیم مظاہری نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کہ اس مدرسے میں نہ صرف عمدہ اور معیاری تعلیم کا نظم ہے، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی اعلیٰ تربیت، نگرانی، طلباء کے لباس، جسم اور وضع قطع کی صفائی وستھرائی پر بھی بھرپورتوجہ دی جاتی ہے، سنت رسولﷺاور بزرگانِ دین کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی جاتی ہے، تاکہ ان کی زندگیوں میں شروع سے ہی نیک لوگوں کے اوصاف پیدا ہوجائیں اور وہ ملک وسماج کے لئے نفع بخش ثابت ہو سکیں۔
طیب ٹرسٹ کے ترجمان مولانا شاہ نواز بدرقاسمی نے کہاکہ دنیا بھرمیں مسلمانوں کی حالت نہایت خستہ ہے اور وہ ہر شعبے میں زوال کا شکار ہیں، جسے دور کرنے کا ایک واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہم قرآنِ کریم کی طرف رجوع کریں اور اپنی نسلوں کوقرآن وسنت کی تعلیم دلائیں۔ مولانااحسان ندوی نے کہاکہ بزرگ عالم دین حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی (ایم پی) لائق مبارکباد ہیں کہ ان کی سرپرستی میں ملک کے مختلف حصوں میں مکاتب دینیہ اور لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے پردہ کے مضبوط اہتمام کے ساتھ تعلیم آبادٹپو میں اقامتی ادارہ ملی گرلز اسکول چل رہا ہے، ساتھ ہی ان کی سرپرستی میں مدرسہ صفہ کی شکل میں علاقے میں ایک معیاری مدرسہ قائم ہوا ہے۔
اس موقع پر مدرسہ بدرالعلوم پھول گاچھی کے مولانا مسعود اختر قاسمی نے طیب ٹرسٹ اور ملی فاؤنڈیشن کی ریلیف ٹیم کا شکریہ ادا کیا جو بہار کے سیلاب زدگان کی امداد و راحت رسانی کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر اہم خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اخیر میں قاری عمر فاروق مظاہری نے مدرسہ کے تعلیمی وتربیتی نظام اور شب و روز کے معمولات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
شرکاء میں مولانا محمود ندوی ،قاضی عارف قاسمی، قاری اظہار، فہد عالم اور حاجی مرآۃ الحق وغیرہ کے نام قابلِ ذکرہیں.