اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: دارالعلوم وقف دیوبند میں بھی طلبہ کے اسمارٹ فون پر مکمل پابندی!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 14 October 2017

دارالعلوم وقف دیوبند میں بھی طلبہ کے اسمارٹ فون پر مکمل پابندی!


درس کے دوران فون استعمال کرنے والے طلباء کو سخت انتباہ، طلبہ کے مفاد میں پہلے سے ہی نافذ تھا یہ فیصلہ: انتظامیہ

رپورٹ: سمیر چودھری
ــــــــــــــــــــــــــــــــــ
دیوبند(آئی این اے نیوز 14/اکتوبر 2017) دارالعلوم وقف دیوبند کی انتظامیہ نے ادارہ میں اسمارٹ فون کو مکمل طور پر ممنوع قرار دیتے ہوئے درس کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والے طلباء کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے.
واضح رہے کہ ادارہ کے نائب ناظم تعلیمات قاری محمد واصف عثمانی کی جانب سے گزشتہ روز اس وقت ایک مرتبہ پھر سابقہ اعلان اعادہ کیا گیا جبکہ دوران درس کچھ طلباء اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے، تعلیمات کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ ’’تمام ہی طلباء کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کیمرے والے موبائل کا استعمال مطلقاً ممنوع اور درسگاہوں میں کسی بھی قسم کے موبائل کا لانا بھی ممنوع ہے، اسلئے طلباء درسگاہوں میں ہرگز موبائل لیکر نہیں آئیں، بصورت دیگر موبائل ضبط کرلیا جائے اور تادیبی کارروائی کی جائے گی‘‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل دارالعلوم دیوبند میں بھی اسمارٹ فون کے استعمال کو لیکر اس طرح کی کارروائی کی جاچکی ہے، حالانکہ انتظامیہ کے اس فیصلے اور موبائل ضبط کرنے کی خبر کو لیکر سوشل میڈیا پر مختلف قسم کا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے، ادھر ادارہ کے ذمہ داران نے ایک مرتبہ پھر صاف کیا ہے کہ یہ کوئی نیا قانون نہیں بلکہ داخلہ فارم پر باقاعدہ طور سے وضاحت کے ساتھ اس ہدایت پر طلباء کے دستخط کرائے جاتے ہیں اور تمام دینی اداروں میں طلباء کے مفاد میں اس طرح کے قوانیں نافد کئے جاتے ہیں تاکہ طلباء پورے انہماک کے ساتھ اپنے درس پر توجہ دے سکیں.
اس بابت دارالعلوم وقف دیوبند کی حجۃ الاسلام اکیڈمی کے چیئرمین مولانا شکیب قاسمی نے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دارالعلوم وقف دیوبند میں جو بھی فیصلے لئے جاتے ہیں وہ طلباء عزیز کی بہتری کے مدنظر لئے جاتے ہیں، انہوں نے کہاکہ یہ اعلان گزشتہ روز ہی جاری نہیں کیا گیا بلکہ اس سے قبل بھی طلباء کے مفاد میں اس طرح کے اعلان جاری کئے جاچکے ہیں، تاکہ طلباء کو لایعنی مشاغل سے دور رکھا جاسکے، انہوں نے کہاکہ طلباء کے داخلہ فارم پر باضابطہ طور پر اسمارٹ فون کے استعمال نہ کرنے کا نوٹ تحریر ہوتا ہے، جس پر طالبعلم کے دستخط کرائے جاتے ہیں، طلباء ضرورت کے مدنظر سادہ فیچر فون استعمال کرسکتے لیکن دوران درس ان کا استعمال بھی ممنوع ہے، انہوں نے کہا کہ اسمارٹ فون کے استعمال کے سبب کئی مرتبہ طلباء درس میں ہوتے ہوئے بھی درس سے غائب رہتے ہیں، جو طلباء کے مستقبل کے لئے انتہائی مضر ہے اسلئے ایک مرتبہ پھر ادارہ کی جانب سے یہ اعلان جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ ازہر، دارالعلوم دیوبند سمیت دنیا کے تمام بڑے دینی اداروں میں یہی قانون نافذ ہے، انہوں نے کہاکہ یہ کوئی نیا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ پہلے سے رائج ہے۔
 واضح رہے کہ گزشتہ روز دارالعلوم قف دیوبند میں درس کے دوران کئی طلباء کو اسمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا،جس کے بعد ان کے موبائل ضبط کرلئے گئے تھے ،حالانکہ شام تک تنبیہ کرکے طلباء کو ان کے موبائل فون واپس کردیئے گئے تھے۔