رپورٹ: فضل الرحمان قاسمی
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
سلطانپور(آئی این اے نیوز 6/نومبر 2017) ہمارا ملک تایخ کے خطرناک دور سے گذر رہا ہے، ہر طرف بدامنی اور لاقانونیت پھیلی ہوئی ہے، اقتصادی طور پر ملک تباہی کے دہانے پہنچ گیا ہے، مذہبی منافرت سے ملک کا ہر شہری پریشان ہے، حقوق انسانی کی علمبردار تنظیمیں موجودہ حالات سے سخت پریشان ہیں، جمعیة علماء ہند امن و اتحاد، ملک کی سالمیت و بقا کے لئے مسلسل جدوجھد کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیة علماء اترپردیش کے صدر مولانا سید اشہد رشیدی نے کیا، وہ جامع مسجد مدرسہ دعوة الحق دوست پور میں جمعیة علماء سلطان پور کے تحت منعقدہ ایک "جلسہ عام" میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے.
مولانا اشہد رشیدی نےکہا کہ مٹھی بھر عناصر ملک کو نفرت کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں اور انہیں برسر اقتدار پارٹی کی حمایت حاصل ہے، اگر کوئی ملک کو نفرت کی آگ میں جھونکنے کی بات کرتا ہے توہمارا فرض بنتا ہے کہ سینہ ٹھوک کر ان کے سامنے کھڑے ہوں، جمعیتہ علماء اترپردیش کے صدر نے جم غفیر کوخطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم (جمعیتہ علماءہند) مظلوں کے حامی اور ظالموں کے خلاف ہیں، اگر مسلمان بھی ظلم کرے گا تو ہم اس کی بھی مخالفت کریں گے، جمعیتہ علماء ہند اس ملک کو تباہ و برباد ہوتا دیکھ نہیں سکتی، جو عناصر اور پارٹیاں نفرت کی فضا کو قائم کرنا چاہتے ہیں، وہ ملک کی دشمن اور غدار ہیں، انھوں نےکہا کہ قائد ملت صدر جمعیت علماء ھند مولانا سیدارشد مدنی کی ایماء پر جمعیت علماء ھند کے کارکنان و خدام پورے ملک کے میں پیار و محبت کے دیپ روشن کئے ہوئے ہیں، انھوں نے دوٹوک لفظوں میں کہاکہ اس ملک کی سالمیت و بقا تبھی ممکن ہے، جب اس ملک میں امن و امان کو فروغ دیا جائے، اور انسانی اقدار کو عام کیا جائے، آپس میں پیار و محبت کے چراغ روشن کئے جائیں، مہمان محترم نے صاف لفظوں میں کہا کہ اگر نفرت کی فضاؤں پرقدغن نہ لگایا گیا اور قانون کے نفاذ میں دوہرا معیار اختیار کیا گیا تو ملک کو ٹوٹنے سےکوئی بچا نہیں سکتا، قانون کی پاسداری کرنا ہمارے آباء و اجداد نے ہمیں سکھایا ہے، ہم وطن عزیز کو امن و امان کا گہوار بنانا چاہتے ہیں، لیکن افسوس کہ فرقہ پرست عناصر ارباب حکومت کے اشاروں پر نفرتوں کو پھیلا رہے ہیں جو ملک کے لئے نقصان دہ ہے، ان عناصر کا یہ رویہ ملک کی سالمیت اور تحفظ کے لئے بہت خطرناک ہے.
نبیرہ شیخ الاسلام مولانا سید اشہد رشیدی صدر جمعیتہ علماء یوپی نے جمعیت علماء ھند کے موقف کوبیان کرتے ہوئے کہاکہ جمعیتہ علماء ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے اور مظلوموں کی مدد کے لئے روز اول سے حامی رہی اور ہم نے اس ملک میں ہمیشہ پیار و محبت کو فروغ دیا آج کے پرُ آشوب حالات میں مسلمانوں کو جذبات سے مغلوب ہونے کی نہیں بلکہ ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے، انھوں نےکہا کہ ملک میں بدامنی، ظلم و تشدد اور لاقانونیت سے ہر شہری پریشان ہے، ان خطرناک ماحول کو دیکھ کر خاموش رہنا ملک سے نمک حرامی ہے، جو عناصر دلوں کو باٹنا چاہتے ہیں اور ملک کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں، ان کے خلاف آواز بلند کرنا اور ملک کی حفاظت کے لئے آگے آنا ہمارا فرض بنتا ہے،جمعیتہ علماء سلطان پور کے صدر مولانا عبدالرب قاسمی نے صدارتی جبکہ جنرل سکریٹری مولانا سراج ہاشمی نے افتتاحیہ کلمات میں قومی یکجہتی اور 12 دسمبر کو لکھنؤ میں ہونے اجلاس عام کے تقاضے اور اہمیت پر روشنی ڈالی، اورصدر محترم کا استقبال کیا۔
آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے ہوا، شمشیر اعظمی اور عمران قاسمی نے نظم و ترانے پیش کئے، ملی وسماجی کارکن شیخ مسعودالحسن کے بھانجے شاہد محمود کے انتقال پر صدر محترم ان کے گھر جاکر اہل خانہ کوتعزیت پیش کیا، شاہی پل سے جلسہ گاہ تک ملت کے نوجوانوں نے جمعیتہ علماء یوپی کے صدر کا شاندار استقبال کیا، قصبہ دوست پور کا پورا علاقہ ہندستان زندہ آباد، جمعیتہ علماء ہند زندہ آباد، مولانا ارشد مدنی زندہ آباد، سید اشہد رشیدی زندہ آباد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا.
اس موقع پر مولانا محفوظ الرحمٰن، مولانا ابوالخیرقاسمی(لونیہ ڈیہہ اعظم گڈھ)، مولانا عبدالسلام قاسمی، مولانا احتشمام(امبیڈکرنگر)، شیخ مسعودالحسن، مولانا عبدالرحمٰن رہائت پور، مولانا عبدالواسع، خالد محمود صدیقی، قاری ابوالحسنات، مولانا سہیل احمد قاسمی، عبدالحلیم خاں، ڈاکٹر ہاشم انصاری، مولانا محمد احمد، حافظ محمد احمد(ببوبھائی)، حافظ محمد اسماعیل، نصیراحمد(للن بھائی)، حافظ وصی اللہ، مولانا کلیم احمد، منوبھائی، شاکر خاں، اور قصبہ کے عمائدین، علماء، سیاسی و سماجی کارکنان اور مدرسہ دعوة الحق کے اساتذہ و طلباء سمیت کثیر تعداد میں علاقے اور اطراف و اکناف کے مسلمانوں نے جلسہ عام میں شرکت کی.
مولاناعبدالرب قاسمی(صدر) اور مولاناسراج ہاشمی (جنرل سکریٹری) جمعیتہ علماء نے عوام کے تئیں اظہار تشکر پیش کیا، مہمان خصوصی کی رقت آمیز دعاء پر جلسہ ختم ہوا۔