اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: جمعیۃ علماء ہند کے مالی تعاون سے تہاڑ جیل سے 8 قیدی رہا، پچھلے اٹھارہ سالوں سے قید شخص تقریب میں موجود جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران سے مل کر جذباتی ہو گیا اور اظہار تشکر میں اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Sunday, 4 February 2018

جمعیۃ علماء ہند کے مالی تعاون سے تہاڑ جیل سے 8 قیدی رہا، پچھلے اٹھارہ سالوں سے قید شخص تقریب میں موجود جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران سے مل کر جذباتی ہو گیا اور اظہار تشکر میں اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے!

نئی دہلی(آئی این اے نیوز 4/فروری 2018) انسانی خدمت میں ہمیشہ آگے رہنے والی تنظیم جمعیۃ  علماء ہند کے مالی تعاون سے آج تہاڑ جیل سے وہ آٹھ غریب قیدی آزاد ہوئے جو صرف مالی جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جیل میں بند تھے ۔ اس سلسلے میں تہاڑ جیل میں باضابطہ ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں جیل ڈائریکٹر جنرل اجے کشیپ نے  جمعیۃ علماء ہند اور اس کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانی والی اس خدمت کو مثالی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کو میں زمانے سے جانتا ہوں اس کی خدمات کافی وسیع ہیں اورطورطریقہ بھی کافی قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بھی دکھ ہوتا ہے جب کوئی غریب قیدی جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے یہاں بند رہتاہے، جمعیۃ جیسی تنظیم ان کی خدمت کے لیے آگے آئی ہے تو مجھ سے زیادہ خوشی کسے ہو گی۔
 انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے نصیحت پا کر دیگر تنظیمیں بھی سامنے آئیں گی، انہوں نے اس موقع پر سبھی قیدیوں کو رہائی کا پروانہ بھی سونپا، جو قیدی رہا ہوئے ان کے نام چمن ابن اوم پرکاش، دھیرج ابن پنا لال، بھیم سین ابن موتی رام، کالو بھائی ،امت ابن راجندر، سنجیو ابن تلاشاہ ، ادے راترا ایم راترا ہیں ۔ ان قیدی میں ایک بدایوں کا رہنے والا 75؍سالہ شخص بھی تھا جو پچھلے اٹھارہ سالوں سے بند تھا وہ تقریب میں موجود جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران سے مل کر جذباتی ہو گیا اور اظہار تشکر میں اس کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حکیم الدین سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے سبھی قیدیوں کی خیریت دریافت کی اور قرآن مجید کی سورہ دہر کی آیت ’’ وہ کھلاتے ہیں کھانا اس کی محبت پر یتیموں ، مسکینو ں اور قیدیوں ‘‘کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آیت میں اللہ تعالی نے قیدیوں کو کھلانے پلانے اور مدد کرنے والوں جنت کے انعام واکرام کا مستحق قراردیا ہے ۔انھوں نے اعلان کیا کہ یہ تو محض آغاز ہے ، ہمارے قائد محترم مولانا محمود مدنی صاحب کا عزم ہے کہ ہم قیدیوں کی رہائی کے لیے آگے بھی تعاون کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر جیل کے اہم ذمہ داران شری راج کمار ( اے آئی جی) ، ایس ایس پریہار(ڈی آئی جی پی)اجے بھاٹیہ سپرنڈنیڈنیٹ جیل نے بھی اپنے خیالا ت پیش کئے ۔ اس تقریب میں جمعےۃ علماء ہند کی طرف سے مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا غیور احمد قاسمی ، مولانا شفیق احمد القاسمی، مولانا قاری نوشاد عادل ، مولانا یسین جہازی ، قاری عبدالسمیع قاسمی، مفتی سہیل احمد قاسمی( امام جامع مسجد جنک پوری) اورعظیم اللہ صدیقی قاسمی بھی موجود تھے ۔ جمعےۃ علماء ہند کے وفد نے ڈی جی اجے کشیپ صاحب کو حسب طلب قرآن کریم کے نسخے بھی بطور ہدیہ پیش کیا ۔