سنتوش پور(آئی این اے نیوز 25/فروری 2018) جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا مہاراشٹر کی جانب سے مدینۃ العلوم میماری بردوان میں منعقد ہونے والے آل مغربی بنگال سہ روزہ مسابقة القرآن الکریم کا انعقاد کیا گیا
جس میں کولکاتہ سمیت آل مغربی بنگال کے مدارس کے سیکڑوں مدارس کے طلباء نے شرکت کی، مسابقہ میں دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور کے دو طالب علم "محمد زید عامرحسین مٹیابرج" کو مکمل قرآن میں دوم اور "ابوبکر ابن حاجی منیر الدین قریشی" قصائی پاڑہ مٹیابرج کو سوم پوزیشن حاصل ہوئی، ادارے کی جانب سے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو حضرت مولانا غلام محمد وستانوی کی جانب سے گراں قدر توصیفی اسناد وانعامات سے سرفراز کیا گیا ۔
واضح رہے کہ 9؍ماہ قبل الہ آباد میں منعقدہ کل ہند مسابقہ حفظ وقرأت میں بھی دارالعلوم اسراریہ کے طالب علم کو تیسری پوزیشن حاصل ہوئی تھی، اسی طرح گزشتہ یکم اکتوبر 2017 کو تانتی باغ پروگریسو سوسائٹی کی جانب سے آل کلکتہ حفظ وقرأت مسابقہ میں دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور کے دوطالب علموں نے اول اور دوم انعام حاصل کئے، اسی طرح مہیش تلہ کے عالم پور کے مسابقے میں بھی مدرسہ ہذا کے طلبا کو اول اور دوم پوزیشن سے نوازا گیا تھا۔
گجرات کے جامعہ علوم القرآن جمبوسر کے استاد حدیث مولانا عبدالرشید ندوی خانپوری اور صدر القراء قاری رفیق ساروڈی نے دارالعلوم اسراریہ کے تعلیمی وتربیتی نظام کا معائنہ کیا اور دو رزہ قیام کے دوران تمام طلبا کا امتحان لیا اور مختلف مسابقوں میں اس ادارے کے طلبا کی شرکت اور متواتر کامیابی پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم اسراریہ کا تعلیمی وتربیتی نظام قابل اطمینان ہے، یہاں بیشتر اساتذہ گجرات کے مدارس کے فیض یافتہ ہیں، اس بڑی کامیابی کے موقع پر معروف عالمِ دین وقائدِ ملت حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی نے مدرسے کے مہتمم مولانا نوشیر احمد، مدرسہ کے نگراں انجینئر وقار احمد، قابل اساتذہ کرام اور مدرسہ سے وابستہ معزز معاونین حضرات اورکامیاب ہونے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان بچوں کے روشن مستقبل کے لیے دعا دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔