اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: الٰہی رحم فرما شام کی مظلوم جانوں پر!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 2 March 2018

الٰہی رحم فرما شام کی مظلوم جانوں پر!

تحریر: عاصم طاہر اعظمی
ـــــــــــــــــــــــــــــــ
 ملک شام اس سرزمین کی خاص فضیلت قرآن وحدیث میں مذکور ہے، اسی مبارک سرزمین کی طرف حضرت امام مہدی حجاز مقدس سے ہجرت فرماکر قیام فرمائیں گے اور مسلمانوں کی قیادت فرمائیں گے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا نزول بھی اسی علاقہ یعنی دمشق کے مشرق میں سفید مینار پر ہوگا، غرضیکہ یہ علاقہ قیامت سے قبل اسلام کا مضبوط قلعہ و مرکز بنے گا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جزیرۂ عرب کے باہر اگر کسی ملک کا سفر کیا ہے تو وہ صرف ملک شام ہے، فرمان رسول اللہ صل اللہ علیہ و سلم کے مطابق شام کی سرزمین سے ہی حشر قائم ہوگا.
قرآن وسنت میں جہاں بھی ملک شام کا تذکرہ وارد ہوا ہے اس سے یہ پورا خطہ مراد ہے جو عصر حاضر کے چار ملکوں (سیریا، لبنان، فلسطین اور اردن) پر مشتمل ہے؛
اللہ تعالیٰ نے ملک شام کی سرزمین کو اپنے پیغمبروں کے لئے منتخب کیا چنانچہ انبیاء ورسل کی اچھی خاصی تعداد اسی سرزمین میں انسانوں کی رہنمائی کے لئے مبعوث فرمائی گئی.
سر زمین شام میں بسنے والے روئے زمین کے بہترین لوگ ہیں حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صل اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا اللہ کی زمینوں میں سے بہترین زمین ملک ''شام'' کی سر زمین ہے اور اس کے علاوہ ملک شام کی بہت سی فضیلتیں احادیث مبارکہ میں وارد ہوئی ہیں.
اتنی تمام تر فضیلتوں کے باوجود آج اس ملک کے مسلمانوں پر جو مصائب و آلام کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں وہ قابل بیان نہیں، سر زمین شام پر ماضی قریب و بعید کے مختلف ادوار میں سنگین حالات آتے رہے ہیں، لیکن ایسی خوفناک تباہی و بربادی شام کی تاریخ میں ہی شاید اس سے پہلے مل سکے، سب سے بڑھ کر پریشان کن صورتحال یہ ہے کہ امت مسلمہ ابھی تک بے حسی اور غفلت کی نیند سو رہی ہے اور مسلم ممالک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے بجائے عیش کی مستیاں اڑا رہے ہیں، یاد رکھیں احادیث مبارکہ کی رو سے "شام" اور اہل "شام" سے امت مسلمہ کا مستقبل وابستہ ہے اگر وہ یوں ہی برباد ہوتے رہے تو آپ بھی اپنے نمبر کے منتظر رہیں؛

اے وقت کے فرعونو!
کیا بگاڑا ہے تمہارا،
ان ننھے منے معصوم بچوں نے،
ان کی مسکراتی پیشانیوں نے،
جن پر ماؤں کی ممتا کا بوسہ مرتسم رہتا ہے،
کیا بگاڑا ہے تمہارا،
ان کے پھول جیسے گالوں نے،
جن پر پدرانہ شفقتوں کی شبنمی بوندیں جھلملاتی رہتی ہیں،
کیا بگاڑا ہے تمہارا،
ان کی معصوم آنکھوں نے،
جن میں رنگ برنگی تتلیوں کا جادو رقص کرتا رہتا ہے،
کیا بگاڑا ہے تمہارا،
ان کے ننھے ننھے پیروں نے،
جن کے سہارے دوڑتے دوڑتے وہ اپنے باپ کی آغوش میں سما جاتے ہیں۔۔۔
کیا تم میں انسانیت بالکل بھی نہیں بچی،
سچ بتاؤ۔۔۔
کیا تمہیں کچھ بھی درد محسوس نہیں ہوتا،
ان ہنستے کھیلتے بچوں کو مار کر،
کچھ بھی ٹیس نہیں اٹھتی،
کیا تمہارا ضمیر تمہیں کچھ بھی ملامت نہیں کرتا،
کیا تمہارا دل تھوڑی سی دیر کے لئے بھی نہیں مچلتا،
کیا تمہاری روح ذرا بھی بیقرار نہیں ہوتی۔۔۔
تف ہے تم پر،
 تمہاری مردہ ضمیری پر،
تمہاری سنگ دلی پر،
تمہاری روح فراموشی پر۔۔۔۔
خونخوار عالمی درندے بشارالاسد کی درندگی عروج پر بے گناہ شامی مسلمانوں پر کیمیائی بم برسا دیے جس سے وہ سسک سسک کر تڑپتے ہوئے انتہائی اذیت میں دم توڑ رہے ہیں،
اللہ رب العزت بشار اور اس کی پشت پر موجود تمام درندوں کی درندگی سے جلد از جلد اس دھرتی کو پاک کرے ان کو نیست و نابود کرے، اور ان بیگانے خنازیر کو دنیا ہی میں نشان عبرت بنائے؛ آمین ثم آمیـــــن.
                         ـــــــــــــــــعـــــــــــــــ
برستے ہیں بم و بارود جن کے آشیانوں پر
الٰہی رحم فرما شام کی مظلوم جانوں پر