اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: گجرات کے معروف عالم دین مولانا عبداللہ کاپودروی کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار رنج و غم!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 11 July 2018

گجرات کے معروف عالم دین مولانا عبداللہ کاپودروی کے انتقال پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار رنج و غم!

نئی دہلی(آئی این اے نیوز11/جولائی 2018) جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے مشہور و معروف عالم دین مولانا عبداللہ کاپودروی کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، مولانا مرحوم  گجرات کے معتبر عالم دین  اور بالغ نظر انسان تھے، وہ ایک طویل عرصے تک جامعہ فلاح دارین ترکیسر گجرات کے سربراہ رہے اور ان کی قیادت و نگرانی میں یہ ادارہ دینی و تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
مولانا مرحوم ۱۹۵۵ میں دارالعلوم دیوبند سے فارغ ہوئے، وہ حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی کے شاگرد تھے، انھوں نے علمی میدان میں بیش بہا خدمات انجام دیں، انھوں نے اہم دینی موضوعات پر ایک درجن سے زائد کتابیں تصنیف فرمائیں، ان کے شاگردوں اور عقیدت مندوں کی بھی ایک بڑی تعداد ہے، جن کی دعوت پر وہ دنیا کے مختلف ممالک میں دعوتی و دینی اسفار بھی فرماتے ۔
مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ مولانا مرحوم کا جمعیۃ علماء ہند اور ذاتی طور سے مجھ سے کافی تعلق تھا ، وہ ایک زمانے تک جمعیۃ علماء گجرات کی مجلس عاملہ کے ممبر رہے اور جماعت اور اس کی سرگرمیوں سے خصوصی تعلق رکھتے تھے ۔ گجرات کے سفر کے دوران جب بھی ان سے ملاقات ہو تی تو وہ علالت کے باوجود بھی بہت ہی اخلاص اور محبت سے ملتے اورمفید مشوروں سے نوازتے ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ مولانا مرحوم کی رحلت سے ملی و دینی حلقے میں ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے، مولانا مدنی نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ارباب مدارس و جمعیۃ علماء ہند کے ا حباب سے مرحوم کے لیے ایصال ثواب و دعائے مغفرت کے اہتمام کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی جو انجار میں ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان کی وفات کی اطلاع ملتے ہی جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار میں قرآن خوانی و ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا ۔