اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: اسلام میں قربانی محمود ہے!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Thursday, 16 August 2018

اسلام میں قربانی محمود ہے!

ریان داؤد اعظمی
ــــــــــــــــــــــــ
اللہ تعالی نے انسان کو مخدوم اور دیگر تمام مخلوقات کو انسان کا خادم بنایا ہے، ان خادموں میں جاندار بھی ہیں اور بےجان بھی ہیں، بے جان چیزوں سے تو آدمی نفع اٹھاتا ہی ہے اور جاندار چیزوں سے بھی نفع اس کے لئے جائز کیا گیا ہے
مگر ان سے انتفاع کی شکلیں مختلف ہیں، کسی کو سواری کے کام میں لایا جاتا ہے، کسی پر بوجھ لادا جاتا ہے، بعض جانوروں کے بالوں سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے، انہی فوائد میں سے ایک اہم فائدہ گوشت کھانے کا بھی ہے، کیوں کہ طبعی طور پر انسان گوشت خور واقع ہوا ہے، تاہم شریعت نے ایسے جانوروں کے گوشت کو حرام کر دیا ہے جن میں ظاہری یا باطنی خبث پایا جاتا ہو، چناں چہ خنزیر اور سباع بہائم وغیرہ (پھاڑ کر کھانے والے درندے) ظاہری خبث کی وجہ سے حرام کیے گئے ہیں، جب کہ غیراللہ کے نام پر بھینٹ چڑھائے جانے والے جانوروں کو باطنی خبث کی وجہ سے حرام کیا گیا ہے، اب دنیا میں پرانی قوموں سے یہ دستور رہاہے کہ جانوروں کے خون بہانے کو تقریب کا ذریعہ سمجھا گیا ہے، اور حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کے واقعہ میں الله کی رضا جوئی کی خاطر جنتی مینڈھے کی قربانی کرا کر عملاً اس دستور کو صحیح رخ دے دیا گیا اور اسلام میں بھی یہ طریقہ نہ صرف یہ کہ مشروع بلکہ مطلوب و محمود قرار پایا اور وسعت والوں پر خاص دنوں میں متعینہ جانوروں میں سے قربانی پیش کرکے تقرب خداوندی کے حصول کو واجب قرار دیا گیا اور اس پر اتنی تاکید کی گئی کہ نبی اکرمﷺنے سخت تنبیہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
 "من وجد سعةً لأن يضحى فلم يضح فلا يحضر مصلانا"
ترجمہ: جو آدمی قربانی کی گنجائش رکھنے کے باوجود قربانی نہ کرے وہ ہماری عید گاہ میں نہ آئے پیغمبر علیہ السلام کے درج بالا ارشاد کریمہ سے اسلام میں قربانی کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، الله تعالیٰ مجھے بھی اور پوری امت مسلمہ کو قربانی کی خیرات وبرکات سے نوازے اور بھر پور انداز میں عشرۂ ذی الحجہ سے منتفع ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین