اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: جمعیۃعلماء ہند کی جاری ممبر سازی مہم میں بھر پور حصہ لیں، جاری ٹرم کیلئے خود بھی ممبر بنیں اور دوست و احباب کو بھی ممبر بنائیں: مولانا محسن علی خان صدر جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Wednesday, 19 September 2018

جمعیۃعلماء ہند کی جاری ممبر سازی مہم میں بھر پور حصہ لیں، جاری ٹرم کیلئے خود بھی ممبر بنیں اور دوست و احباب کو بھی ممبر بنائیں: مولانا محسن علی خان صدر جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی

ممبئی(آئی این اے نیوز 19/ستمبر 2018) مسلمانانِ ہند کی سب سے بڑی اور قدیم مذہبی تنظیم جمعیۃ علماء ہندکی دو سالہ مدت کے لئے ممبر سازی کا آغاز ہو چکا ہے، اس مہم میں سارے مسلمان مرد اور عورت بھر پور حصہ لیں، خود بھی ممبر بنیں، دوست و احباب اور متعلقین کو بھی ممبر بنائیں، جمعیۃعلماء ہند کے دستور اساسی کے مطابق ہر بالغ مسلمان (مرد و عورت) جمعیۃ علماء ہند کا ممبر بننے کا مجاز ہے، اس کے لئے بیداری مہم چلائی جائے، ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کے مجلس منتظمہ کی ایک اہم میٹنگ میں علماء کرام نے متفقہ طور پر کیا۔
مولانا صدر عالم قاسمی نے فرمایا کہ جمعیۃ علماء ہند کا دو سالہ ٹرم مکمل ہوگیا ہے، اب نئے ٹرم کے لئے مبر سازی مہم شروع کی گئی ہے، اس مہم میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے، مولانا نے جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کی جانب سے قوم و ملت کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے آئندہ بھی انہی حوصلوں اور جذبات کے ساتھ خدمت خلق کے مشن پر گامزن رہنے کی بات دہرائی اور یہ کہا کہ جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کے تمام ذمہ داران نے مقامی یونٹ کے صدر محترم مولانا محسن علی خان کی قیادت و سربراہی میں جس طرح کی خدمات انجام دی ہیں وہ ہمارے لئے لائق تحسین ہے۔
مولانا محمد اسید قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم ایک جمہوری ملک میں زندگی گذار رہے ہیں، ہمارے مسائل کا حل ملک کے جمہوری دستور و قانون کے ذریعہ ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔
مولانا قاسمی نے فرمایا کہ جمعیۃ علماء ہند ہمیشہ سے خدمت خلق کے جذبہ سے کام کرتی رہی ہے، اور یہی اکابر جمعیۃ علماء ہند کا شیوہ رہا ہے۔
مولانا محسن علی خان نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ جمعیۃعلماء ہند کی سو سالہ سنہری تاریخ ہے جس نے اپنے قیام کے روز اول سے ملک و ملت کے لئے قربانیاں دی ہیں، اور موجودہ دنوں میں اس کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔
مولانا نے ائمہ مساجد اور علماء کرام سے خطبات جمعہ اور اصلاحی پروگراموں میں ملک و ملت کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی خدمات اور اس کے اکابر علماء کی قربانیوں کو عوام میں بیان کرنے کی طرف متوجہ کیا، نیز جمعیۃ علماء ہند کی ممبرسازی کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالنے کے لئے درخواست کی، اس کے علاوہ متعدد اراکین نے بھی اپنی قیمتی آراء پیش کیں، اور مفید مشورے دیئے ۔
ٓ اس میٹنگ کے آغاز میں قاری مولانا شکیل احمد ندوی نے تلاوت کلام اللہ فرمائی اور مولانا محمد اسید قاسمی نے نعت نبی ﷺ پیش کیا، اس موقع پر جمعیۃ علماء حلقہ گونڈی کے اکثر و بیشتر اراکین نے شرکت کی ۔