اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: صرف اسلام ہی قابل تقلید کیوں؟

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Friday, 7 September 2018

صرف اسلام ہی قابل تقلید کیوں؟

صابر عطاء اللہ قاسمی مقیم حال شارجہ (دبئی)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
ارشاد باری تعالیٰ ہے "وَمَن يَبْتَغِ غَيْرَ الْإِسْلَامِ دِينًا فَلَن يُقْبَلَ مِنْهُ وَهُوَ فِي الْآخِرَةِ مِنَ الْخَاسِرِينَ" آ[سورة آل عمران: 85]۔
ترجمہ: اور جو شخص اسلام کے سوا کسی اور دین کا طالب ہوگا وہ اس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور وہ آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوگا.
اس آیت کریمہ کے نزول کے بعد ہر مذہب کے پیروکار کہنے لگے کہ وہ بھی مسلمان ہیں، اللہ تعالیٰ نے تعالیٰ نے ان کے دعویٰ کو باطل کرنے کے لئے دوسری آیت نازل فرمائی وَلِلَّهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ إِلَيْهِ سَبِيلا وَمَنْ كَفَرَ فَإِنَّ اللَّهَ غَنِيٌّ عَنِ الْعَالَمِينَ [سورة آل عمران: 97]۔
ترجمہ:  {جو اس گھر تک(بیت اللہ) جانے کا مقدور رکھے وہ اس کا حج کرے اور جو اس حکم کی تعمیل نہ کرے گا تو خدا بھی اہلِ عالم سے بے نیاز ہے۔]
جب تمام لوگوں سے حج کا مطالبہ کیا گیا تو کفار و مشرکین، یہودو نصاری حج کرنے سے باز رہے اور اس طریقہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کے دعویٰ کو باطل کردیا۔ (اختصار کردہ: تفسیر طبری).
تمام  مذاہب کی پیروی کرنے والے اپنے مذہب کو افضل اور قابلِ قبول بتاتے ہوئے اپنے مذہب میں شمولیت  کی دعوت دیتے ہیں۔ عیسائی حضرت عیسی کے پیروی کی اور یہودی حضرت موسیٰ کی پیروی کی دعوت دیتے ہیں، لیکن یہودی اور عیسائی داعیوں سے  پہلے یہ چار سوالات کے جوابات مطلوب ہیں۔
1: وہ کونسا نبی ہے جس نے اپنی نبوت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام جن و انس کا نبی ہے؟ وہ حضرت عیسیٰ اور موسی علیہما السلام نہیں بلکہ وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں لہذا تقلید اس نبی کی جائے گی جس کی نبوت آفاقی تعلیمات پر مشتمل رہتی دنیا تک کے لئے ہو.
2: اس نبی کا کلمہ پڑھیں جو کہے میں (أنا خاتم النبيين لانبي بعدي)
میں آخری نبی ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔
ببانگ دہل یہ اعلان کرنے والے ہمارے آقاء کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہیں، لہذا قابل تقلید بھی آپ علیہ السلام کا لایا ہوا دین ہوگا۔
3: اس نبی کا کلمہ پڑھا جائے اگر دلیل مانگی جائے تو، دلیل مل سکے۔ یعنی معجزہ موجود ہو، حضرت عیسٰی اور حضرت موسیٰ علیہما السلام کے معجزات محدود وقت کے لئے تھے اب کوئی معجزہ باقی نہیں ہے، اور ہمارے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم  کا معجزہ قرآن رہتی دنیا تک کے لئے باقی ہے۔ جسمیں دلائل و براہین بطور اتم موجود ہیں، لہذا آپ کی تعلیمات ہی پوری دنیا کے لئے قابلِ تقلید ہیں۔
4: اس نبی  کا کلمہ پڑھا جائے جسکی تعلیمات صحیح انداز میں محفوظ ہوں. حضرت عیسیٰ، حضرت موسیٰ اور دیگر انبیاء کرام علیہم السلام کی تعلیمات بغیر تغیر و تبدل کے محفوظ نہیں ہیں، اس کسوٹی پر صرف اللہ کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات ہی پوری اترتی ہیں، لہذا کلمہ بھی آپ علیہ السلام کا پڑھا جائے گا۔
اوپر ذکر کردہ سؤالات وجوابات سے یہ بات اظہر من الشمس ہوجاتی کہ آپ علیہ السلام کا دین ہی دلائل و براہین قاطعہ کی روشنی میں قابل عمل ہے۔
اور بات بھی واضح ہو جاتی ہے کہ جو شخص دین اسلام کے علاوہ کوئی دوسرا دین تلاش کرے گا، وہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین اسلام پر استقامت عطاء فرمائے۔ آمین