اتحاد نیوز اعظم گڑھ INA NEWS: مرکز الفقہ الاسلامی الحنیفی دیوبند میں اجلاس عام و دستار بندی کا انعقاد!

اشتہار، خبریں اور مضامین شائع کرانے کیلئے رابطہ کریں…

9936460549, 7860601011, http://www.facebook.com/inanews.in/

Saturday, 23 March 2019

مرکز الفقہ الاسلامی الحنیفی دیوبند میں اجلاس عام و دستار بندی کا انعقاد!

دیوبند(آئی این اے نیوز 23/مارچ 2019) مرکز الفقہ الاسلامی الحنیفی دیوبند کا اجلاس عام و دستار بندی مفتی محمد ناظم  کی نظامت اور مفتی حبیب الرحمن خیر آبادی مفتی اعظم دارالعلوم دیوبند کی صدارت میں بعد نماز مغرب متصلا دارالعلوم وقف دیوبند سے متصل ادارے کے احاطے میں منعقد ہوا،اجلاس کا آغاز مفتی محمد وسیم پونہ  کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا،  جبکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں نذرانہ عقیدت مفتی محمد محسن پربھنی نے پیش کیا. دریں اثنا مرکز ہذا کے طلبہ میں سے تین طلبہ نے اپنے عرق ریزی اور انتھک محنت سے تیار کئے ہوئے مقالے پیش کئے، (۱) پہلا مقالہ مفتی محمد محسن بہرائچی نے "اسلامک بینکنگ کے نظام "کے عنوان پر پیش کیا، (۲) دوسرا مقالہ مفتی محمد صادق ممبئی نے "اس مسافر کی نماز کا حکم جو شہر در شہر، قریہ در قریہ سفر کرتا ہے "کے عنوان پیش کیا، (۳) تیسرا مقالہ مفتی محمد مرسلین شاملی نے کیا زمانہ کے بدلنے سے احکام شرعیہ میں تغیر ممکن ہے؟ " کے عنوان پر پیش کیا ۔
اجلاس کے مہمان مہمانان خصوصی مفتی محمد امجد قاسمی  بجھہیڑی مظفرنگر مقیم حال ساؤتھ  افریقہ خلیفہ حضرت مولانا حکیم محمد اختر نے اپنے خطاب میں معرفت خدا وندی و تزکیہ نفس پر بہت ہی زور دیا، اور شرعی نقطہ نظر سے اس کی اہمیت ،ضرورت و افادیت کو واضح انداز میں بیان کر نے کے ساتھ ساتھ ، اس کی فقہی حیثیت کو بھی واشگاف اور دو ٹوک الفاظ میں وضاحت سے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ معرفت کے ذریعہ بندہ کی ترقی نیچے اوپر کو نہیں ہو تی بلکہ اوپر سے نیچے کو ہوتی ہے، کیونکہ جب بندہ عارف باللہ بن جاتا ہے تو سب سے پہلے حق جل مجدہ اس سے محبت فرماتے ہیں، پھر حضرت جبرائیل علیہ السلام سے فرماتے ہیں کہ میں فلاں بندے سے محبت کرتا ہوں تم بھی اس سے محبت کرو، چنانچہ حضرت جبرائیل علیہ السلام اس بندہ سے محبت کرنے لگتے ہیں اور آسمانوں میں بھی یہ اعلان کر دیتے ہیں کہ اللہ تعالٰی فلاں بندے سے محبت کرتے ہیں تم بھی اس بندے سے محبت کرو، چنانچہ سارے آسمانوں کے فرشتے اس بندے سے محبت کرنے لگتے ہیں، پھر اس کی مقبولیت سب سے اخیر میں اہل زمیں کے دلوں میں ڈال دی جاتی ہے ۔
ادارے کے  بانی و مہتمم  مفتی محمد احتشام  قاسمی پھولاس  نے تفصیل سے تعلیمی رپورٹ پیش کی ۔
اخیر میں  صدر جلسہ  مفتی حبیب الرحمن  خیر آبادی صدر مفتی دارالعلوم دیوبند کے کلیدی، انتہائی اہم اور پر مغز خطاب کے بعد،انہیں کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا.
اس پروگرام میں شعبہ تکمیل افتاء سے فراغت حاصل کرنے والے  (۲۵) پچیس طلبہ کرام کی دستار بندی بھی ہوئی، جو ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔
مہمانان خصوصی کے طور پر قاضی محمد کامل قاسمی دارالقضاء جنوبی دہلی، مولانا ڈاکٹر مظفر حسین مانکی،  جناب ڈاکٹر مطلوب حسن دیوبند،  مولانا ازھد وصی صاحب گورکھپوری مولانا محمود الرحمن بستوی، بھائی محمد جاوید اوکھلا دہلی نے شرکت کی ۔
اور مرکز ہذا، دارالعلوم دیوبند و دارالعلوم وقف دیوبند، جامعہ الشیخ، دارالعلوم زکریا، دارالعلوم اشرفیہ اور دیوبند و اطراف دیوبند کے دیگر مدارس کے طلبہ عظام نے شرکت کی ۔
 دیوبند کے اطراف کے دیہات سے بھی سامعین تشریف لائے ۔پروگرام کو کامیاب بنانے والوں میں مفتی محمود وحیدی بہرائچی، مفتی محمد قاسم وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں. آخر میں مدرسے کے مہتمم مولانا احتشام الحق نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا.