مدرسہ فیض العلوم الاسلامیہ میں اصلاح معاشرہ کانفرنس کا انعقاد، مقررین نے اسلامی تعلیمات اپنانے پر دیا زور.
گونڈہ(آئی این اے نیوز یکم مارچ 2019) مذہب اسلام ایک جامع اور مکمل نظام حیات ہے جس پر عمل تمام مشکلات کا حل ہے ضرورت ہے کہ پہلے خود کو اسلامی تعلیمات کا پابند بنائیں اور اصلاح کا کام اپنے گھر سے شروع کریں اسلئے کہ اصلاح گھر سے شروع ہوتی ہے، مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا آفتاب عالم ندوی خیرآبادی نے کیا، وہ مدرسہ فیض العلوم الاسلامیہ مولہی غرہ غریب نگہواں میں اصلاح معاشرہ کانفرنس سے خصوصی خطاب کر رہے تھے.مولانا عبد الرحیم قاسمی کی صدارت میں منعقدہ جلسے مولانا آفتاب عالم ندوی نے مزید کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مخالف اور دشمن نفس اور شیطان ہے اسلئے یہ طے کریں کہ خلاف شرع رسمیں اب ہمارے گھر میں نہیں ہوں گی اور ایسے کام کریں گے جس سے اللہ خوش ہوگا۔
مولانا آفتاب عالم ندوی خیرآبادی نے پیام انسانیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محاسن اسلام سے برادران وطن کو واقف کرائیں ساری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اسلئے غریبوں یتیموں بیواؤں مظلوموں کی بلا تفریق مذہب و ملت مدد کریں اس سے اللہ خوش ہوگا اور اپنے بچوں کی دینی اخلاقی ذہنی اور فکری تربیت کریں حلال و حرام سے کلی طور پر اجتناب کریں.
مفتی ساجد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین اسلام ساری انسانیت کی فلاح و صلاح کا ضامن ہے اور ساری عزت و قوت کا سرچشمہ ہے اسلئے ہمیں چاہیے کہ دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کریں اس سے ایک مثالی معاشرہ وجود میں آئے گا.
مولانا علی اکبر ندوی نے کہاکہ ہماری طاقت و قوت کا راز مذہب اسلام میں پوشیدہ ہے اسلئے ہم کو چاہیے کہ ہم اپنی کمزوریوں کی اصلاح و درستگی کریں ۔
قاری فضیل احمد کی تلاوت سے آغاز ہونے والی کانفرنس سے مفتی محفوظ الرحمن قاسمی جرول، مولانا محمد امین بہرائچی نے بھی خطاب کیا ۔
کانفرنس میں مولانا بشیر احمد قاسمی، مفتی عبدالرحیم قاسمی، مولانا مجیب احمد قاسمی، مولانا یونس احمد قاسمی سمیت علماء قراء نیز بڑی تعداد میں معززین اور عوام نے شرکت کی.
کانفرنس کے کنوینر قاری محمد ارشاد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا.