اسلام نے ہم عورتوں کو حیاء وپاکدامنی کا زیور پہنا یا اور ہم پر عفت وعصمت کی چادر ڈالی: ام سودہ نور صالحاتی
محمد حسان ندویــــــــــــــــــــــــــــــ
دھن گھٹا/سنت کبیر نگر(آئی این اے نیوز 19/اپریل 2019) مغربی تہذیب آزادی نسواں یعنی عورت اور مرد کی برابری اور عورت کے حقوق کے حسین ودلفریب نعروں کے ذریعہ عورت کی شرم وحیاء کی دھجیاں اڑانا چاہتی ہے دوسری طرف لادینی اسکول وکالج کی تعلیم وہاں کے لازمی ڈریس اور کورس اور وہاں کے ماحول اور خاص تربیت کے ذریعہ اسلامی عقائد اسلامی تعلیمات بلکہ انسانی اخلاق اور شرافت تک نیلام کردینا چاہتی ہے،اس لئے اس پر فتن دور میں عالمات کو احساس ذمہ داری کے ساتھ گھر خاندان معاشرہ اور سماج کے صلاح وفلاح وترویج ترقی میں اہم اسلامی رول ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرہ تہذیب وشائستگی سے آراستہ ہوسکے، مذکورہ خیالات کا اظہار اجلاس بعنوان تقسیم انعامات وردائے فضیلت جامعہ مقسوم العلوم نسواں تحصیل دھن گھٹا حلقہ واقع موضع بگھوتی پور میں ام سودہ نور فاطمۃ الزہراء صالحاتی نے اپنی صدارتی خطاب میں کہا.
ام سودہ نور فاطمۃ الزہراء صالحاتی نے جلسہ تقسیم اسناد ودرائے فضیلت کی صدارت کرتے ہوئے کیا ساتھ ہی صدر معلمہ نے امسال فارغ ہونے والی طالبات کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہفتہ یا مہینے میں کم از کم ایک اصلاحی دعوتی پروگرام بعنوان اصلاح معاشرہ اپنے اپنے علاقوں میں ضرور منعقد کریں تو یہ ایک مستحسن قدم ہوگا
اجلاس میں مختلف موضوعات پر مثلا توحید اخلاق حسنہ معاشرے میں خواتین کا کردار جہیز اور اس کی تباہ کاریاں اسلام میں عورتوں کے حقوق والدین کے حقوق جیسے عنوانات پر معلمات وطالبات نے روشنی ڈالی نیز حمد ونعت ونصیحت آموز مکالمے سے سامعین کو محظوظ کیا, نیز فارغ ہونے والی طالبات کو جامعہ کے سرپرست دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث مولانا سید سلمان حسینی ندوی کی دستخط شدہ سند فضیلت نیز جامعہ منتظم حاجی شفیق احمد وجملہ برادران واہل خانہ کی جانب سے ردائے فضیلت نیز دعائیہ کلمات سے نوازا.
آخر میں جامعہ کے بانی حاجی نصیب اللہ خان اور انکی اہلیہ مرحومہ جن کی جانب جامعہ منسوب ہے انکے لئے اور جملہ امت مسلمہ کی خیر کی دعا کی گئیں، جلسہ میں شریک ہونے والی خواتین کا شکریہ جامعہ کے ناظر عام مولانا شاھد حسن قاسمی نے ادا کیا.